مودی 2016میں پاکستان کا کلیدی دورہ کریں گے ، بھارتی سیکرٹری خارجہ

مودی 2016میں پاکستان کا کلیدی دورہ کریں گے ، بھارتی سیکرٹری خارجہ

نئی دہلی/اوفا(اے این این) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نواز شریف کی دعوت قبول کر لی،2016میں پاکستان کا کلیدی دورہ کریں گے۔یہ بات بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انھوں نے کہا کہ روس کے شہر اوفا میں پاک بھارت وزراء اعظم ملاقات میں نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جو انھوں نے قبول کر لی ہے اور نریندر مودی اگلے سال(2016) میں پاکستان کا کلیدی دورہ کریں گے۔اس دورے کا شیڈول دونوں ملک سفارتی چینل کے ذریعے طے کر لیں گے۔انھوں نے کہا کہ نریندر مودی کا یہ دروہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ 2004میں واجپائی کے بعد کسی بھارتی وزیر اعظم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔واضح رہے کہ بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ دورہ پاکستان کے صرف اعلانات کرتے رہے ہیں لیکن اپوزیشن کے خوف سے وہ اپنے 10سالہ دور میں پاکستان آنے کی جرآت نہیں کر سکے۔من موہن سنگھ کی شدید خواہش تھی کہ وہ بطور وزیر اعظم چکوال میں اپنی جنم بھومی کا دورہ کریں لیکن بی جے پی کی تنقید کے خوف سے کانگریس کی حکومت وزیر اعظم کے دورے کے لئے کبھی تیار نہیں ہو سکی۔اس سے قبل بی جے پی کے دورے میں اٹل بہاری واجپائی1999اور2004میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

مزید : صفحہ اول