پاکستان اور بھارت کو تناؤ کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہیں ،امریکہ

پاکستان اور بھارت کو تناؤ کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہیں ،امریکہ

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکا نے وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کو تناؤ کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہیئیں، پاک بھارت سربراہان مملکت کے درمیان روس میں ملاقات کو خوش آمدید کہتے ہیں، تناؤ کم دیکھنا چاہتے ہیں اور خواہش ہے کہ دونوں ممالک باہمی طور پر اپنے مسائل حل کرلیں، دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہوتا ہے، جنوبی ایشیا میں کروڑوں بچے رہتے ہیں اور سب ان کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں ، دونوں ممالک کے رہنما بھی اس ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں ۔واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم پاکستان اوربھارت کے رہنماؤں کے درمیان روس میں ملاقات کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم ایسے کسی اقدام کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم تناؤ کم دیکھنا چاہتے ہیں اور خواہش ہے کہ دونوں ممالک باہمی طور پر اپنے مسائل حل کرلیں۔جان کربی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہوتا ہے۔امریکی اہلکار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کروڑوں بچے رہتے ہیں اور سب ان کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں اور امریکا امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما بھی اس ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔جب ایک ہندوستانی صحافی نے پاکستان رہنماؤں کے 'اشتعال انگیز' بیانات کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ میں وہ تبصرے نہیں دیکھے اور اس بات پر تبصرہ نہیں کرسکتا کہ دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کے بارے میں کیا اعلانات کرتے ہیں۔

مزید : صفحہ اول