آصف زرداری کا سردار عبدالقیوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم سردار محمد عبدالقیوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سردار عبدالقیوم کا انتقال جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہوا۔ سردار عبدالقیوم نے چھ دہائیوں تک کشمیر کاز کے لئے متعدد فورموں پر کشمیر کی جدوجہد بڑی ثابت قدمی سے کی اور کشمیر کاز کے لئے جدوجہد کرنے میں ان کا کوئی مقابل نہیں۔ انہوں نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد کے دوران متعدد تنقید کا سامنا کیا لیکن کوئی بھی تنقید انہیں کشمیر کے عوام کے حقوق کی جدوجہد سے نہ روک سکی۔ سردار قیوم نے ایک جانب تو کشمیریوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی لیکن اس کے ساتھ ساتھ جہاد کے نام بیرونی عناصر کی دخل اندازی کے خطرات کابھی سامناکیا۔ انہوں نے نہایت جرأت کے ساتھ اس ڈکٹیٹر کو خبردار کیا جس نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے جہاد کو غیرریاستی عناصر کے ہاتھوں میں دے دیا تھا۔ وہ ان غیرریاستی عناصر کی دخل اندازی کے خلاف بولنے والے پہلے چند لوگوں میں شامل تھے۔ سابق صدر نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
آصف زرداری