وزیراعلیٰ سندھ نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس اتوار کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں طلب کرلیا ہے ۔اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن ،سیکرٹری داخلہ سندھ مختار سومرو ،کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ،ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلا ل اکبر ،آئی جی سندھ غلام حید ر جمالی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی آپریشن اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا ۔اجلاس میں سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت ،آپریشنل پالیسی ،صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید موثر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا جاسکتا ہے ۔اجلاس میں دہشت گردوں ،ان کے معاونین اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید موثر حکمت عملی بھی طے کی جائے گی ۔