نواز ،مودی ملاقات خطے کیلئے خوش آئند ہے،ایپکا،مزدور تنظیمیں
لاہور (خبر نگار)ملک بھر کے سرکاری ملازمین ایپکا اور مزدور تنظیموں کے عہدیداروں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات سے خطے میں امن، دہشت گردی کے خاتمے میں مدد اور معیشت مضبوط ہو گی۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات خوش آئند ہے۔ اس حوالے سے خورشید احمد خان، اسامہ طارق نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی کو فروغ دینا دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا امن و سلامتی کے لئے پہل کر کے ہاتھ بڑھانا خوش آئند ہے۔ اس سے دونوں ممالک میں امن فروغ پائے گا، خطے میں امن سے ترقی ہو گی، دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ حاجی حمد ارشاد، یونس بھٹی، لالہ محمد اسلم، روبینہ جمیل، عذرا شاد اور فضل داد گجر نے کہا ہے کہ اس سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے امن اور ترقی کے ساتھ دہشت گردی جیسے ناسور کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دمیان امن ہی دونوں ممالک کی سلامتی کا ضامن ہو سکتا ہے۔ اس میں دونوں ممالک کو آپس میں باہمی تعاون اور تعلقات کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے، کیونکہ دونوں ممالک کے مفادات اور چیلنجز بھی ایک ہی قسم کے ہیں اس لئے دونوں ممالک کے درمیان محاذ آرائی نہیں ہونی چاہئے۔