کراچی آپریشن کی نگرانی کیلئے غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے، فاروق ستار
کراچی (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی نگرانی کے لیے غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے جسے انتظامی اور عدالتی اختیارات حاصل ہونے چاہئیں تاکہ وہ کسی بھی شکایات کا فوری ازالہ کرسکے ۔وہ ہفتہ کو مقامی جیم خانہ میں کراچی یونین جرنلسٹس کے افطار ڈنر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونا چاہیے اور اس میں کسی کو ٹارگٹ بنانا صحیح عمل نہیں ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسداد دہشت گردی کے اختیارات صرف کراچی کی حد تک دینا زیادتی کے مترادف ہے اس سے عوام میں بے چینی پھیلے گی ۔جو بھی اختیار دیا جاتا ہے وہ صرف ایک شہر کے لیے نہیں پورے صوبے کے لیے ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ جب سندھ اسمبلی میں آئے گا تو وہاں اپنا موقف بیان کریں گے ۔کراچی کے مسئلے کوصرف انتظامی طور پر نہیں بلکہ سیاسی سطح پر بھی حل کیا جانا چاہیے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ عید الفطر کے نمازکے اجتماعات میں کالعدم تنظیم داعش اور دیگر تنظیموں کی جانب سے حملے کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں ہے شہری بلا خوف و خطر عید کی نماز ادا کریں ۔کراچی میں داعش کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر کوئی ڈرامہ بازی کی تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے ۔کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز کی موجودگی انتہائی ضروری ہے ۔