قوم کے خون پسینے کی کمائی پر لوٹ مار کرنیوالے ٹھیکیداروں کی جگہ جیل ہے ، شہباز شریف

قوم کے خون پسینے کی کمائی پر لوٹ مار کرنیوالے ٹھیکیداروں کی جگہ جیل ہے ، ...

 لاہور(نمائندہ خصوصی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی علاقوں کی ترقی اور دیہی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا ایک بڑا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے 3 برس کے دوران 150 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت کیلئے ایک گیم چینجر ہے اور اس تاریخی پروگرام پر عملدرآمد سے دیہی زندگی بدلے گی اور دیہی علاقوں میں بسنے والوں کی آمد و رفت میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہات کی تمام سڑکوں کو 12 فٹ چوڑا اور کارپٹڈ کیا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ 2، 2 فٹ کے پختہ شولڈر بھی بنائے جائیں گے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد سے تعمیرات کا شعبہ فروغ پائے گا، روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دیہی معیشت ترقی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں 255 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام 30 ستمبر تک مکمل کیا جائے اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کے حوالے سے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جہاں غیر معیاری تعمیراتی مٹیریل کی شکایت ملی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت تعمیر و بحال ہونے والی دیہی سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری 3 برس تک کنٹریکٹرز کی ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی میں استعمال ہونے والے مٹیریل کی مناسب داموں وافر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے، مٹیریل کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیئے۔ مٹیریل کی مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے والے مافیا پر کڑا ہاتھ ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی ترقی کیلئے تاریخ ساز ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ شروع کیا ہے اور ہم سب کو محنت سے کام کرتے ہوئے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اور معیاری کام کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دوسرے مرحلے کے تحت تعمیر ہونے والی نئی سڑکو ں کی نشاندہی کا کام ابھی سے شروع کیا جائے تاکہ دوسرے مرحلے میں بھی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں کوالیفائی کرنے والے ٹھیکیداروں کو سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے نئی مشینری لانا ہوگی۔ایسے ٹھیکیدار جو قوم کے خون پسینے کی کمائی پر لوٹ مار کرتے ہیں، ان کی جگہ جیل ہے اور وہ کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایکسل لوڈ کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کرنے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے، اسی لئے کمیٹی دیہی سڑکوں پر اوورلوڈنگ کے مسائل کے حل کے حوالے سے قابل عمل تجاویز جلد پیش کرے۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ دیہی سڑکوں کے اردگرد شجرکاری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور سڑکوں کے اطراف زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ملک ندیم کامران، تنویر اسلم ملک، ڈاکٹر فرخ جاوید، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، محمد آصف ملک، سینیٹر سعود مجید، چیف سیکرٹری، ارکان صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان، محمد کاشف پڈھیار، سید عبدالعلیم، چوہدری محمد اقبال، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کے فوری نکاس کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے فی الفور تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انتظامیہ و متعلقہ اداروں کے افسران نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب کے بعض شہروں اور ملک کے دیگر حصوں میں شدید بارشوں اور نالوں میں طغیانی سے ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...