ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ، نالہ لئی کی سطح بلند ، نشیبی علاقے زیرآب

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ، نالہ لئی کی سطح بلند ، نشیبی علاقے زیرآب

اسلام آباد/پشاور/لاہور(اے این این)ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری، راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح بلند، نشیبی علاقے زیر آب،دریائے کابل میں نوشہرہ اور ورسک کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ، پنجاب میں بھی ہیڈمراحلہ ،ہیڈخانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے محکمہ موسمیات نے وراننگ جاری کر دی ، تربیلا ڈیم میں ایک ہفتے کے دوران پانی کی سطح میں 36 فٹ اضافہ رکارڈ ،منگلا ڈیم میں مزیدپانی بھرنیکی گنجائش12فٹ رہ گئی۔ محکمہ موسمیات نے مون سون کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں ۔ جڑواں شہروں میں کئی گھنٹے کی مسلسل بارش سے نالہ لئی میں کٹاریاں ، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ کمیٹی چوک انڈر پاس میں پانی بھر گیا جس سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ۔ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں بھی پانی داخل ہوگیا جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ ڈھوک حسو ، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال کے علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں میں داخل ہونے والا پانی نکالتے رہے ۔ انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ادھر شہر اقتدار میں چھما چھم برسنے والی بوندوں نے موسم خوشگوار کر رکھا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی آسمان پر گہرے سرمئی بادلوں نے ڈیرا ڈال رکھا ہے ۔ دوسری جانب فلڈفورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم میں ایک ہفتے کے دوران پانی کی سطح میں 36 فٹ اضافہ رکارڈ کیا گیا جب کہ منگلا ڈیم میں مزیدپانی بھرنیکی گنجائش12فٹ رہ گئی۔ منگلا ڈیم کی انتہائی سطح ایک ہزار دو سو بیالیس فٹ مقرر ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد بانوے ہزار742 جب کہ پانی کااخراج 60 ہزارکیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ فلڈ سیل پشاور کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ اور ورسک کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 سو کیوسک اور ورسک کے مقام پر 54 ہزار 71 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ ادیزئی کے مقام پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 48 ہزار 464 کیوسک ہے ۔ دریائے سندھ میں اٹک خیرآباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈی آئی خان ، بنوں اور ہزارہ میں پہلے ہی سیلاب کے خطرے کی تنبیہہ جاری کی جا چکی ہے اور لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جبکہ پنجاب میں ہیڈخانکی اور ہیڈمراحلہ پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ لوگوں کے اردگرد کے علاقے خالی کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...