نواز شریف کی وطن واپسی ،لاہور پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ،حمزہ شہباز کے کوآرڈی نیٹر سمیت کئی یوسی چیئر مین گرفتار

نواز شریف کی وطن واپسی ،لاہور پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ...
نواز شریف کی وطن واپسی ،لاہور پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ،حمزہ شہباز کے کوآرڈی نیٹر سمیت کئی یوسی چیئر مین گرفتار

  

لاہور(کاشف شکیل/یاسر شامی)مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی لندن سے لاہور واپسی کے اعلان کے بعد پنجاب پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے ،گرین ٹاؤن سےحمزہ شہباز کے کو آرڈی نیٹر  اور مسلم لیگ ن کے یوسی چیئرمین236 چوہدری تنویر نثار گجر  ،محمد علی گجر سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روزنامہ’’پاکستان ‘‘ کو ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی اور گرفتاری پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے کسی بھی ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لئے ن لیگ کے اہم اور متحرک کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے ،پولیس نے رات گئے گرین ٹاؤن کے علاقے سے حمزہ شہباز کے کوآرڈی نیٹر اور  یوسی چیئرمین236   چوہدری تنویر نثار گجر  ،تھانہ شفیق آباد سے یوسی چیئرمین محمد علی گجر سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ،مسلم لیگی کارکنان چیئرمین محمد علی گجر کو رہا کروانے تھانہ شفیق آباد پنچ گئے ہیں اور تھانے کے گیٹ پر نعرہ بازی  کر رہے ہیں جبکہ لیگی کارکنان نے شفیق آباد تھانے کے باہر روڈ بند کر کے محمد علی گجر کی گرفتاری پر احتجاج بھی کیا ہے ۔دوسری طرف لاہور پولیس نے  یو سی 66 کے چیرمین اویس چیمہ یوسی 59 کے باؤ رفیق گجر اور  یوسی 65  سے اویس بشیر  کو گرفتار کر کے تھانہ اسلام پورہ بند کر دیا گیا ہے ۔لاہور کے کئی دیگر  علاقوں سے ن لیگ کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی متحرک کارکن اور عہدے دار گرفتاریوں سے بچنے کے لئے روپوش ہو گئے ہیں ۔

دوسری طرف پاکستان واپسی کے موقع پر کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے متعلق سوال پر گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاتھا  کہ اگر اس طرح کا کوئی بے وقوفانہ اقدام اٹھایا گیا تو پھر اس کا ردعمل بھی ہوگا،میں سمجھتی ہوں کہ غلطی پر غلطی کرکے پہلی غلطی کی تلافی نہیں کی جاسکتی، مزید غلطیاں نہ کی جائیں تو بہتر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ گرفتاری کیا،کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو دیں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور