عورتوں کیلئے دستیاب معاشی مواقع کے بارے میں شعور عام کیا جائے، رومانہ بشیر
لاہور (پ ر) پنجاب نے عورتوں کے لیے ملازمتوں میں 15%کوٹہ اور مذہبی اقلیتوں کے لیے 5% کوٹہ مختص کر کے عورتوں کی معاشی خود مختاری کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ تاہم اس ضمن میں حکومت کے متعلقہ محکموں کی استعداد اور عمومی آگاہی میں اضافے اور عوامی سطح پر شعور کی بیداری کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عورتیں ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں ان خیالات کا اظہار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رومانہ بشیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رومانہ بشیر نے عورتوں کی معاشی خود مختاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی معاشی اور سماجی خود مختاری کے لیے بھی اولین شرط ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی قابل اطمینان ہے کہ پنجاب حکومت اور پنجاب کمیشن برائے حقوق نسواں (پی سی ایس ڈبلیو) نے حالیہ برسوں کے دوران عورتوں کی معاشی خود مختاری کے لیے درست سمت میں قدم اٹھائے تاہم ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔