سائنسدان موسمی شدت کو برداشت کی صلاحیت رکھنے والی فصلیں دریافت کریں ،سیکرٹری زراعت پنجاب

سائنسدان موسمی شدت کو برداشت کی صلاحیت رکھنے والی فصلیں دریافت کریں ...

راولپنڈی (اے پی پی) سیکرٹری زراعت پنجاب ڈاکٹر واصف خورشید نے کہا ہے کہ کسانو ں کی ترقی اور خوشحالی زرعی سائنسدانوں کے جاری منصوبہ جات سے براہ راست وابستہ ہے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ہی اصل میں کسان کی خدمت ہے ۔ سیکرٹری زراعت نے زرعی سائنسدان پرفصلوں کی ایسی اقسام دریافت کرنے پر زور دیا جوجاری موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ہوں اور کسان ان کی کاشت سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کا کردار زراعت کی ترقی میں انتہائی اہم ہے ۔اب تک کم وسائل کی دستیابی کے باوجود زرعی سائنسدانوں نے پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ دیانتداری سے فرائض انجام دینے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انھیں تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی میں مزید بہتری آسکے۔انھوں نے مزید کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو ریسرچ کی غرض سے بیرون ملک بھی بھیجا جا رہا ہے تاکہ ریسرچ کے کام کو بین الاقوامی ڈیمانڈ کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی سائنسدان اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور فصلوں کی ایسی اقسام کی دریافت کریں جو زیادہ گرمی اور سردی کو برداشت کر سکیں۔

مزید : کامرس