جامعہ اشرفیہ میں تعلیمی سال کے آغاز پر افتتاح بخاری شریف کی پروقار تقریب

جامعہ اشرفیہ میں تعلیمی سال کے آغاز پر افتتاح بخاری شریف کی پروقار تقریب

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں تعلیمی سال کے آغاز پر افتتاح بخاری شریف کی پروقار تقریب نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں اساتذہ و علماء اور طلبہ سمیت بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اس موقعہ پر بخاری شریف کی افتتاحی تقریب میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا محمد اکرم کاشمیری ،پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، پروفیسر ڈاکٹر حافظ زاہد علی ملک اور مولانا صوفی عتیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم دین سیکھنے والے خوش نصیب طلبہ اپنے اکابرین واسلاف اور بزرگان دین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور محنتیں علم دین کے سیکھنے پر صرف کر دیں اور پھر عالم بننے کے بعد حکمت و دانائی کے ساتھ اور حالات کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اشاعتِ اسلام کا فریضہ سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے لازم ہے کہ وہ ایمان اور عملِ صالح کے ساتھ ساتھ اس دین کو آگے پھیلانے کے لیے جو بھی مشقت اور تکالیف آئیں اس کو صبر کے ساتھ برداشت کریں اوراطاعت و فرمانبرداری کو اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو ہر قسم کی معصیت و نافرمانی سے بچانا ہوگا انہوں نے کہا کہ بانی جامعہ اشرفیہ لاہور حضرت مولانا مفتی محمد حسن ؒ سے لے کرحضرت مولانا محمد عبیداللہؒ ،شیخ الحدیث مولاناعبدالرحمن اشرفیؒ ، مولانا محمد ادریس کاندھلویؒ ،مولانا مفتی جمیل احمد تھانویؒ ، مولانا رسول خان ہزارویؒ ،مولانا محمد موسیٰ روحانی بازیؒ ،مولانا وکیل احمد شیروانیؒ ، مولانا محمد یعقوب خانؒ ،حضرت مولانا صوفی محمد سرورؒ تک جامعہ اشرفیہ کا ایک ایک استاد علم و عمل اور اخلاص و للہیت کا پیکر تھے ان کی روشن زندگی اور دین اسلام کے لیے بے مثال خدمات علماء اور طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں انہوں نے کہا کہ آج مادیت اور لادینیت کے امنڈھتے ہوئے سالاب کے سامنے یہ دینی مدارس ہی نسل نو کے ایمان کی حفاظت اور اسلام کی اشاعت کابہترین ذریعہ ہیں انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ہدایت کے سرچشمے اور اسلام کی وہ شمعیں ہیں جو قیامت تک روشن رہیں گی تقریب میں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے خلیفہ مجاز الحاج حافظ صغیر احمد ،مولانا عبدالرحیم چترالی ، مولانا مفتی احمد علی،مفتی محمد زکریا،مولانا فیاض الدین ،مولانا احمد عمر،مولانا سمیع اللہ حقانی، مولانا مفتی خرم یوسف، مفتی شاہد عبید،مفتی محمد مغیرہ،مفتی اسد ، مولانا ناظم اشرف،مفتی انیس احمد مظاہری، مولانااشرف علی (سرگودھا)، مولانا مجیب الرحمن انقلابی سمیت دیگر علماء اور مشائخ نے شرکت کی اس موقعہ پر مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے ملک کی ترقی واستحکام ،حرمین شریفین اوردینی مدارس کے تحفظ ،اسلام کی اشاعت ،کشمیری و فلسطین ، شام وبرما کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے خصوصی دعا کروائی

مزید : میٹروپولیٹن 4