اسلام کے نام پر بننے والا ملک ہمیشہ قائم رہے گا،بریگیڈیئر شفیق الرحمن

اسلام کے نام پر بننے والا ملک ہمیشہ قائم رہے گا،بریگیڈیئر شفیق الرحمن

لاہور(جنرل رپورٹر) اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا یہ ملک تا قیامت قائم ودائم رہے گا۔ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے ،ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ نئی نسل کو دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔پاک فوج نے قوم کے تعاون سے ہر بحران پر قابو پایا ہے۔ یہ ملک ہماری پہچان ہے اور آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار کمانڈنٹ ڈیفنس سروسز انٹیلی جنس اکیڈمی بریگیڈیئر شفیق الرحمن نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 18ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروفیسر محمدیوسف عرفان، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان شاہد رشید، بریگیڈیئر شفیق الرحمن کی والدہ بیگم نسرین فاطمہ اور انکی فیملی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔بریگیڈیئر شفیق الرحمن نے کہا میرے لیے یہ بات انتہائی قابل فخر اور باعث مسرت ہے کہ میں آج ایک ایسے فورم پر بات کر رہا ہوں جس کی ضرورت کو میں نے ہمیشہ محسوس کیا ہے۔ آج ہمارے نصاب تعلیم سے دوقومی نظریہ اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات کو ختم کیا جا رہا ہے ، تعلیمی اداروں میں تحریک پاکستان والے جذبوں کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ادارہ پوری قوم بالخصوص نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم و تربیت کے ذریعے بڑی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ پاکستان نہ صرف قائم ودائم بلکہ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور دنیا کی کسی بھی سپر پاور کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پوری قوم کو متحد ہو کر ملکی تعمیروترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے مہمانوں کو ٹرسٹ کا لٹریچر اور یادگاری شیلڈیں پیش کیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1