سینئرز سے سیکھا اور آج خود یہ سکھا رہا ہوں:بہروز سبز واری
لاہور(فلم رپورٹر)سینئر اداکار بہروز سبز واری نے کہا ہے کہ اب تک بے پناہ کام کیا ہے اور اس پر مطمئن ہوں ،شوبز میں رہتے ہوئے اپنے سینئرز سے سیکھا ہے اور آج خود یہ فریضہ سر انجام دے رہا ہوں۔ انہوں نے ایک انٹر ویو کے دوران کہا کہ امن پسند ہوں اور مجھے ایسے ہی لوگ پسند ہیں ۔ آج کوئی کسی کی بات سننے کو تیار نہیں جس سے معاشرے میں بیگاڑ پیدا ہورہا ہے ،ہمیں دلیل اور مکالمے کے ذریعے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپنے کرئیر میں بے پناہ کام کیا ہے اور ہر طرح کے کردار نبھائے ہیں۔ اوپر والے کا فضل اور پرستاروں کی چاہت ہے کہ اتنے سال گزر گئے اور اس میں کامیابی ہی کامیابی سمیٹی ہے ۔ بہروز سبزواری نے کہا کہ آگے بڑھنے کی لگن ہونی چاہیے مشکل راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستانی فلمیں اچھا بزنس کررہی ہیں اور پائیدار کامیابی حاصل کیلئے اس سلسلہ میں تعطل نہیں آنا چاہیے ۔2017ء کی طرح 2018ء میں بھی پاکستانی فلموں نے بہترین نتائج دیئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ امسال میں بھی فلموں کی تواتر کے ساتھ نمائش سے فلم انڈسٹری بحرانی کیفیت سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گی ۔