لوگ بے روزگاری کی وجہ سے احتجاج کررہے ہیں:میگھا

لوگ بے روزگاری کی وجہ سے احتجاج کررہے ہیں:میگھا
لوگ بے روزگاری کی وجہ سے احتجاج کررہے ہیں:میگھا

  

لاہور( فلم رپورٹر)فلم ،ٹی وی اور سٹیج کی معروف اداکارہ،ماڈل اور پرفارمر قتالہ سٹیج میگھا نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کی بنیاد رکھی تھی وہ کہاں گیا ہر طرف مسائل ہی مسائل میں گھرے لوگ نظر آتے ہیں۔میگھا نے کہا کہ غریب لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہوکرمر رہے ہیں مگرحکمران سب اچھا ہے کا راگ آلاپ لگا رہے ہیں۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔ ملک پربیرونی قرضے اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ ہر پاکستانی اس کامقروض ہوچکا ہے لیکن ہمارے سیاستدانوں کے بینک بیلنس،جائیدادوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلاجا رہا ہے۔میگھا نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری تباہی کے دہانے پرکھڑی ہے مگرہمارے حکمرانوں کے پاس اس کی بحالی کیلئے کوئی وقت ہی نہیں رہا۔اس شعبے سے وابستہ ہزاروں،لاکھوں لوگ بے روزگارہوچکے ہیں اوربہت سے پریشانی کی وجہ سے مخلتف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں مگرکوئی اس طرح نہیں دیکھتا۔ لوگوں کو انٹرٹین کرنے والے لوگ خود تماشا بنے ہوئے ہیں۔ لوگ ان کی طرف دیکھ کر آوازیں کستے ہیں، جو اب برداشت نہیں ہوتا۔میگھانے کہا کہ بجلی اورگیس کی لوڈ شیڈنگ نے ہماری انڈسٹری تباہ کردی ہے۔

وہاں پرایک طرف تو پروڈکشن بند ہوچکی ہے اوردوسری جانب ملازمین کی بڑی تعداد کوکام نہ ہونے کی وجہ سے نوکریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ بے روزگاری کی وجہ سے احتجاج کررہے ہیں،دھرنا دے رہے ہیں، مگرہمارے حکمرانوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اسی طرح پاکستان فلم انڈسٹری کوبھی سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کیا گیا اورکسی نے اس کیلیے کچھ نہیں کیا۔ مگراب خاموش رہنے کا نہیں بلکہ آواز بلند کرنے کا وقت آچکا ہے۔

مزید : کلچر