گوجرانوالہ، سیٹلائٹ ٹاؤن کے تاجروں کا پی ٹی آئی امیدواروں کی حمایت کااعلان

گوجرانوالہ، سیٹلائٹ ٹاؤن کے تاجروں کا پی ٹی آئی امیدواروں کی حمایت کااعلان

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)سیٹلائٹ ٹاؤن کی تاجر برادری نے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ ملک و قوم کو کرپشن اور قرضوں سے نجات دلانے کیلئے عمران خاں کو ہر صورت کامیاب بنائیں۔ اس بات کا اعلان انہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ میں منعقدہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے امیدواران چوہدر ی محمد صدیق مہربرائے ایم این اے ، ایس اے حمید برائے ایم پی اے ، رضوان اسلم بٹ برائے ایم پی اے،میڈم شاہین رضا برائے ایم پی اے و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ تاجر راہنما ملک عبدالخالق نے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ناقص پالیسیوں کے باعث پوری قوم کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ آئے روز پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے جبکہ پاکستانی روپے کی ناقدری کرتے ہوئے ڈالر کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ کر کے کاروباری برادری کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ آزمائے ہوئے حکمرانوں کو دوبارہ ہر گز نہ آزمایا جائے۔ قبل ازیں چودھری محمد صدیق مہر امیدوار برائے قومی اسمبلی ہے، ایس اے حمید، رضوان اسلم بٹ نے اپنے اپنے خطابات میں اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے عہد کیا کہ عمران خاں کے اصولوں پر چل کر کے ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ کر ینگے۔ ووٹروں کی عزت کو یقینی بنائیں گے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے امیدواروں نے ڈھولک کی تھاپ میں مارکیٹ کا دورہ بھی کیا۔ اور تاجروں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ کارنر میٹنگ میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ملک ظہیر الحق سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ کے تاجر راہنماؤں حاجی ارشاد، حمود الرحمن المعروف حامی ،سہیل انجم ، سکندر مغل، رانا شہزاد، حاجی جمیل ، حامد رضا، رضاڈاراور دیگر بھی موجود تھے۔ جبکہ پی ٹی آئی خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدوارشاہین رضا، ماموں کاکا اور ورکرز اتحاد کی بڑی تعداد بھی تھی۔

مزید : علاقائی