نواز شریف ، مریم کی گرفتاری کیلئے نیب ٹیم تشکیل ، لاہور میں کریک ڈاؤن ، یوسی چیئر ینوں سمیت سینکڑوں لیگی کارکن گرفتار

نواز شریف ، مریم کی گرفتاری کیلئے نیب ٹیم تشکیل ، لاہور میں کریک ڈاؤن ، یوسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنر ل رپورٹر،نیوزایجنسیاں ) نیب لاہور کو نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا۔ ڈائریکٹرنیب لاہور ٹیم کے سربراہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے 20رکنی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ۔ نیب ٹیم کیساتھ لاہور ایئرپورٹ کے اندر 100 ایلیٹ کمانڈو زبھی تعینات ہونگے ۔سی سی پی او لاہور ،ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اور پولیس افسران ایئر پورٹ پر موجود ہوں گے۔دوسری طرف نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا جائے گا ۔ حالات خراب ہوئے تو رینجرز اور پولیس ا یکشن لے گی۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ۔عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں قانون سے کوئی بالاتر نہیں ۔ قانون شکنی پر کارروائی ہو گی ۔
ہیلی کاپٹر فراہم

لاہور( کرائم رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لندن سے لاہور واپسی کے اعلان کے بعد پنجاب پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے ۔لاہور پولیس نے مسلم لیگ ن کے دفاتر اور ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کردئیے۔گرفتاریوں کے مسلم لیگی کارکن بھی سڑکوں پر نکل آئے اور ٹریفک بلاک کردی ،جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق گرین ٹاو ن سے حمزہ شہباز کے کو آ رڈی نیٹر اور مسلم لیگ ن کے یوسی چیئرمین236 چوہدری تنویر نثار گجر ،محمد علی گجر سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی اور گرفتاری پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے کسی بھی ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے ن لیگ کے اہم اور متحرک کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے ۔دوسری طرف مسلم لیگی کارکنان یوسی چیئرمین محمد علی گجر کو رہا کروانے تھانہ شفیق آباد پہنچ گئے اور گیٹ پر نعرہ بازی کر تے رہے جبکہ لیگی کارکنان نے شفیق آباد تھانے کے باہر روڈ بند کر کے محمد علی گجر کی گرفتاری پر احتجاج بھی کیا ہے۔دوسری طرف لاہور پولیس نے یو سی 66 کے چیئرمین اویس چیمہ یوسی 59 کے باؤ رفیق گجر اور یوسی 65 سے اویس بشیر کو گرفتار کر کے تھانہ اسلام پورہ بند کر دیا گیا ہے۔لاہور کے کئی دیگر علاقوں سے ن لیگ کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی متحرک کارکن اور عہدے دار گرفتاریوں سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔شہریوں نے الزام لگایاہے کہ لاہور پولیس کے اہلکار خواتین کیساتھ بدتمیزی کررہے ہیں اور گندی گالیاں دینے لگئے ۔رات گئے لیگی قیادت کارکنوں کو چھڑانے کیلئے تھانوں میں پہنچ گئی ۔
کریک ڈاؤن

لاہور،سرگودھا،لندن (جنرل رپورٹر،بیورورپورٹ ،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کل ( جمعہ )کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے ،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاریخی استقبال کی بھر پور تیاریاں جاری ہیں ،پارٹی کی جانب سے بتائے جانیوالے مقام پر جمع ہونے والے کارکن بڑے قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ جائیں گے ، (ن) لیگ کی جانب سے رکاوٹ ڈالے جانے کی صورت میں متبادل حکمت عملی پربھی غور جاری ہے ۔اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو کارکنوں کی گرفتاریوں اور دفعہ 144کے نفاذ پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے خط ارسال کر دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل میڈیا کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے راولپنڈی میں200سے زائد کارکنوں ،امیدواروں اور رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا جس سے نہ صرف سیاسی ماحول میں بیگاڑپیدا ہوا بلکہ یہ ہمارے سیاسی مخالفین کو انتخابات میں فری ہینڈ دینے کے مترادف ہے اوریہ گرفتاریاں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس کی آپ کی حکومت پاسداری کی پابند ہے ۔خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یہ اقدامات فوری واپس نہ لئے گئے تو اس سے نہ صرف ملک کے سیاسی ماحول میں بیگاڑپیدا ہو گا بلکہ شفا ف انتخابات کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا ۔امید ہے کہ میرے اس خط میں اٹھائے گئے نقاط پر فوری ایکشن لے کر تحفظات دور کرینگے ۔دوسری طرف بدھ کے روز مسلم لیگ(ن) کے راہنما حمزہ شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کا الیکشن مہم سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کی جاری مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ۔ اجلاس میں حمزہ شہباز نے کارکنوں کو ہدایات کی ہیں کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے خود بھی گھروں سے نکلیں اور اپنے کارکنوں کو بھی ہمراہ لائیں ۔ نواز شریف کا شایان شان تاریخی استقبال پوری دنیا دیکھے گی انہوں نے کہا کہ قوم کسی کو مینڈیٹ میں نقب لگانے کی اجازت نہیں دے گی۔حمزہ شہباز نے عید گاہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا میں جھوٹ بولنے والوں کا ورلڈ کپ ہو تو عمران خان جیت جائیں گے ، عمران خان نے کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹ بولے ، وہ بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختون خواہ میں 300ڈیم بنانے کا وعدہ کیا تھا، تین سو تو دو ر کی بات وہ ایک بھی ڈیم نہیں بنا سکے، ہمارے دور میں گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی، اس سے قبل بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، مگر عوام نے دیکھ لیا کہ مسلم لیگ ن نے ہی صرف عوامی خدمت کی ہے ، انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں بھی میاں نواز شریف کا کڑا احتساب ہوا، اور اب بھی نیب ان کے خلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی ،جمعہ کو نواز شریف پاکستان آ رہے ہیں، تمام لوٹے بھاگ جائیں گے ، مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو دباؤ میں ڈال کر پی ٹی آئی میں شامل کروایا گیا۔ نواز شریف اور ا ن کی صاحبزادی مریم نواز طے شدہ پروگرام کے مطابق کل ( جمعہ) کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم لندن سے دبئی اور وہاں لاہور آئیں گے او ران کا طیارہ جمعہ کی شام سوا چھ بجے ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گا ۔(ن) لیگ کے رہنماؤں کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف میڈیا ہاؤسز سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی نواز شریف کے ہمرا ہ لندن سے لاہور آئیں گے ۔۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی جانب سے کارکنوں کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مکمل طور پر پر امن رہیں اور اشتعال میں نہ آئیں ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی کارکن پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور آئیں گے اور ان کی آمد کاسلسلہ آج جمعرات سے شروع ہو جائے گا۔دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں گرفتاریاں کیوں ہو رہی ہیں ،اب فیصلے کا وقت آگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے ،نواز شریف کی مخالفت میں پورا ملک دا ؤپر لگا دیا گیا ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ بلور خاندان کے لوگ بہت بہادر ہیں ،انہوں نے بہت قربانیاں دیں ،اللہ ہارون بلور کے درجات بلند کرے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے وکلا کام کر رہے ہیں ۔
مسلم لیگ (ن)


لاہور( کرائم رپورٹر)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جمعہ کو پاکستان آمد کے پیش نظر ان کے استقبال کیلئے جانیوالی مسلم لیگ ن کی ریلی کو روکنے کیلئے لاہور پولیس کو احکامات موصول ہوگئے ،جنہوں نے راستے روکنے کیلئے کنٹینرز قبضے میں لے لئے ہیں۔لاہور نیوز کے مطابق اس مقصد کیلئے انتظامیہ کی جانب سے لاہور پولیس کوائیر پورٹ کو جانیوالے تمام راستے بند کر نے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور تھانوں کے ایس ایچ وز کو دو دوکنٹینر ز قبضے میں لینے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے کنٹینرز قبضے میں لیکر تھانوں کے باہر کھڑے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ائیر پورٹ کے راستوں کو بند کرنے کی ذمہ داری ایس ایچ او ز کے سپرد کردی گئی ہے۔ائر پورٹ کی طرف جانے اور توڑ پھوڑ کی کوشش کرنیوالوں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔
کنٹینرز

مزید :

صفحہ اول -