منی لانڈرنگ ،حسین لوائی،طلحہ رضا کے ریمانڈ میں 14جولائی تک توسیع

منی لانڈرنگ ،حسین لوائی،طلحہ رضا کے ریمانڈ میں 14جولائی تک توسیع

کراچی(سٹاف رپورٹر ) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی اور طحہ رضا کے ر یما نڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع کردی ۔ بدھ کو منی لانڈرنگ کیس میں ملوث حسین لوائی اور طحہ رضاکو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈ یشل مجسٹر یٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ پیش کی جبکہ تفتیشی افسر نے ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کردی۔سماعت کے دوران وکیل حسین لوائی نے موقف اختیار کیا کہ بینک کی 200 برانچیں ہیں، ہزاروں ملازمین بیروز گار ہوجائیں گے جبکہ لوگ رقوم نکلوارہے ہیں اور تحقیقات ہوچکی ہے، یہ ڈکیتی کا مقدمہ نہیں جو کیس پراپرٹی برآمد کرنی ہو، اکا ؤ نٹ میں رقم آئی اور دوسرے کے اکاؤنٹ میں چلی گئی جبکہ اکاؤنٹ میں آنیوالی رقم کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک کو بھیج دیا جاتا تھا۔ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر ہی ریکارڈ فراہم کیا جارہا ہے، 15 جنوری سے تحقیقات کررہے ہیں لیکن کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا جبکہ حسین لوائی کو سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے لہٰذا ریمانڈ دیا جائے ۔ عد الت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد حسین لوائی اور طحہ رضا کے ریمانڈ میں 14جولائی تک کی توسیع کردی۔بعدازاں ایف آئی اے کے اسٹیٹ بینک سرکل میں بیان ریکارڈ کرانے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کردیا گیا ، حسین لوائی نے کچھ سوالوں کے جواب دئیے اور کچھ کیلئے وقت مانگ لیا،ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے حسین لوائی کو آج سپریم کورٹ میں پیش اور اب تک کی تفتیش سے عدالت کو آگاہ کیا جائیگا ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق حسین لوائی کوگزشتہ شام چار بجے قومی ایئرلائن کی پرواز سے اسلام آباد لے کر جایا گیا حسین لوائی ایف آ ئی اے کی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد گئے ہیں جہاں اسلام اباد میں اعلیٰ حکام ان سے منی لانڈرنگ کیس سے متعلق تحقیقات کریں گے۔

ریمانڈ توسیع

مزید : صفحہ اول