کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت جاری

کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت جاری

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کرنے کے خلاف دائردرخواستوں پر سماعت کاسلسلہ جاری ہے ۔دو رکنی بنچ نے گزشتہ روز مختلف امید واروں کی درخواستوں پر سماعت کی ۔پیپلز پارٹی کے راہنما عزیز الرحمن چن نے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف عدالت عالیہ سے رجوع کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا اور اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے راہنما نے کاغذات نامزدگی میں تمام تر معلومات فراہم کی تھیں لیکن حقائق کے برعکس ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے،دو رکنی بنچ نے جھنگ کے صوبائی حلقہ 126 جھنگ سے کالعدم سپاہ صحابہ کے امیدوار محمد معاویہ کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی، دو رکنی بنچ نے قرار دیا کہ بادی النظر میں درخواست گزار نے تاخیر سے درخواست دائر کی جس کی پذیرائی نہیں کی جاسکتی ۔دو رکنی بنچ نے مسعودالحسن درخواست کی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں محمد معاویہ کے کاغذات منظور کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیاتھا، دو رکنی بنچ نے قرار دیا کہ درخواست گزار چاہے تو انتخابات کے بعد انتخابی عذر داری دائر کر سکتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے2رکنی بنچ نے لیہ پی پی 250 مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احمد علی اولکھ کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف درخواست بھی مسترد کر دی اور مسلم لیگ (ن)کے امید وار کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

کاغذات نامزدگی

مزید : صفحہ آخر