اقتدار ملا تو ملک کو کرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی ریاست بنائینگے : سراج الحق

اقتدار ملا تو ملک کو کرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی ریاست بنائینگے : سراج الحق

وزیرآباد(نا مہ نگار) متحدہ مجلس عمل کلین اور ایورگرین پاکستان چاہتی ہے ،ملک کوکرپشن سے پاک اسلامی وفلاحی ریاست بنائینگے،حکمرانوں نے صرف اپنے محلات میں اضافہ کیا۔پیپلزپارٹی اورن لیگ نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیا۔70سال سے کرپٹ مافیا ہم پر مسلط ہے جس نے ملک کوتباہ وبرباد کردیا۔ملک میں اس وقت روزانہ 12ارب روپے اورسالانہ 4320ارب روپے کی کرپشن ملک معیشت کے لئے زہر قاتل ہے،25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات پرامن منعقد کروانے کے لئے تمام سیکیورٹی اداروں کواپنی ذمہ داری پوری کرناہوگی،بے روزگاری،بدامنی اورکرپشن کو عام کیاہم ملک میں سودی نظام کاخاتمہ اورکرپشن کے نظام سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلا می سراج الحق نے غلہ منڈی وزیرآبادمیں متحدہ مجلس عمل پی پی51کے امیدوارمحمدمشتاق بٹ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت خواجہ غلام فرید آف مٹھن کوٹ،امیدوارپی پی51محمدمشتاق بٹ،پیر محمدعارف ہزاروی،مرزا تقی علی،سردارمحمدخان لغاری سیکرٹری جنرل جمیعت علمائے پاکستان ،مولاناامجد خان، میاں مقصوداحمد،وقاص احمدبٹ،علامہ سید سبطین حیدرسبزواری،ناصر محموداللہ والے،سعید احمداللہ والے،محمداکبر بٹ،وقاص احمدبٹ سمیت سینکڑوں کارکنان بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قیادت ہی ملک وقوم کوسیاسی،مذہبی اورمعاشی بحرانوں سے نکا ل سکتی ہے ملک وقوم کواس وقت نیک اورصالح قیادت کی ضرورت ہے ۔ امریکہ اوربرطانیہ کے غلام اب اسلام کاراستہ نہیں روک سکتے۔ایم ایم اے واحد جماعت ہے جس کے تمام امیدواران دفعہ 62,63 پرپورا اترتے ہیں نظریہ پاکستان کاتحفظ اورکرپشن کاخاتمہ متحدہ مجلس عمل کی سیاست کااصل مقصدہے۔الیکشن 2018میں کتاب کانشان مسلمانوں اوردیگر مذہبی بھائیوں کوعزت ومرتبہ دلانے اورانکے حقوق کی پاسداری کانشان ہے ۔حقوق سلبی سے عوام میں جونفرت موجزن ہے اس نفرت کومحبت میں بدل کرانکے حقوق کے حل کے لئے کوشاں ہونگے۔ ایم ایم اے 2018کے الیکشن میں ایک بڑی عوامی قوت بن کرسامنے آئے گی۔25جولائی کرپٹ مافیا کی موت اورنظریہ پاکستان کے علمبرداروں کے لئے خوشی کادن ہوگا۔محمدمشتاق بٹ نے کہا کہ ہم انشاء اللہ ملک سے بے روزگاری کرپشن ناانصافی کاخاتمہ چاہتے ہیں۔ نظام مصطفی ؐ کانفاذاوراتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے جب تک ملک میں نظام مصطفی ؐ قائم نہ ہوگا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مزید : صفحہ آخر