پٹرول سستا مگر ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہ کئے ، مسافر پریشان

پٹرول سستا مگر ٹرانسپورٹرز نے کرائے کم نہ کئے ، مسافر پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اسد اقبال) نگران حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی کمی نہ کی ہے جس پر شہری سخت کرب اور پریشانی میں مبتلا ہیں تاہم نگران حکومت کا موقف ہے کہ ہم پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد بڑھائے جانے والے کرائے ہر صورت کم کروا کر عوام کو ریلیف جبکہ مہنگائی کا قلع قمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ٹرانسپورٹ تنظیموں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں13فیصد تک اضافہ کیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ہونے والے اضافے کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹروں نے مجموعی طورپر 30فیصد جبکہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 21فیصد اضافہ کیا ہے جس سے نہ صرف شہریوں کے لیے سفر کرنا عذاب ہو گیا ہے بلکہ اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مذید کمی اور بڑھائے گئے کرایوں کے خلاف از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔آل پاکستان بس اونرز فیڈریشن کے صدر اعظم خان نیازی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشر با اضافہ کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں معمولی اضافہ کیا جبکہ سفری سہولیات کو سستا رکھنے اور ٹرانسپورٹروں کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے فریشمنٹ بکس کو بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ مذید کمی کی جائے تو ہم بھی اپنے کرایوں میں کمی کر دیں گے ۔ پاکستان سے گفتگوکرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا جس پر نگران حکومت نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ ٹیکسز میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا ۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر کا کہنا تھا پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ضرور کروائی جائے گی جس کے لیے کرایہ شیڈول میں اصلاحات لائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ تنظیموں کی مشاورت اور ان کو اعتماد میں لے کر ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے لیے گزارشات کی جائیں گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف میسر آ سکے ۔
مسافر پریشان

مزید :

صفحہ آخر -