گوجرانوالہ ، دیرینہ دشمنی پر مخالفوں کی فائرنگ سے میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق

گوجرانوالہ ، دیرینہ دشمنی پر مخالفوں کی فائرنگ سے میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق

گوجرانوالہ(بیورورپورٹ) دیرینہ عداوت پر موٹرسائیکل سواروں نے گولیاں مارکر میاں بیوی کوبیٹے سمیت قتل کردیا ‘فائرنگ سے رکشہ ڈرائیوربھی زخمی‘علاقہ میں خوف وہراس ‘بتایاگیا ہے کہ کنگنی والا کا لالہ نواز بھنڈر اپنی بیوی اوربیٹے کے ہمراہ مقدمہ قتل کی تاریخ پیشی کیلئے رکشہ پرکنگنی والا سے ضلع کچہری آرہاتھا کہ تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں واقع سردارفیملی ہسپتا ل کے نزدیک موٹرسائیکل سوار وقاص‘عباس وغیرہ نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں لالہ نوازبھنڈر ‘سکینہ بی بی‘گوہرنواز اوررکشہ کاڈرائیورعلی زخمی ہوگئے

جبکہ ملزمان موقع سے فرارہوگئے ا س دوران گوہرنواز‘لالہ نواز بھنڈر ‘سکینہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی دم توڑگئے جبکہ رکشہ ڈرائیورکوہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ملزمان کی فائرنگ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا بتایاگیا ہے کہ تقریباًچارسال پہلے کمسن گوہرنواز نے اپنے والد کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے شخص کوقتل کردیا تھا جسے سیشن کورٹ سے عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم اس نے ہائی کورٹ سے ضمانت کروالی تھی گزشتہ روز وہ اسی مقدمہ کی تاریخ پیشی کیلئے ضلع کچہری جارہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیا تاہم علاقائی پولیس نے نعشوں کوضرور ی کارروائی کے بعدورثاکے حوالے کردیاہے اورتہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔

تین جاں بحق

مزید : علاقائی