دبئی،ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں اماراتی پاکستانی اور بھارتی باشندے سرفہرست

دبئی،ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں اماراتی پاکستانی اور بھارتی باشندے سرفہرست

دبئی (صباح نیوز)دبئی لینڈ اتھارٹی کے مطابق ریاست میں 2018 کی پہلی ششماہی کے دوران ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں 111ارب اماراتی درہم کا لین دین کیا گیا۔ پراپرٹی کی خرید و فروخت کے حوالے سے کل 27,642 ٹرانزیکشن ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کی دوران اس شعبے میں 132 بلین اماراتی درہم کی کمائی ہوئی تھی۔رواں سال اس شعبے میں گزشتہ سال کی نسبت کم کمائی کی وجہ یہ بیان کی جا رہی ہے کہ گزشتہ سال ڈویلپرز نے گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے کئی رعایتیں اور قسط وار ادائیگی پلان متعارف کرائے تھے جس کے باعث خریداروں کی گنتی میں خاصا اضافہ ہوا۔ تاہم رواں سال ڈویلپرز کی جانب سے خریداروں کے لیے کوئی پرکشش پلان دیکھنے میں نہیں آیا جس وجہ سے پراپرٹی کی خرید و فروخت میں کمی واقع ہوئی۔ایک تعمیراتی کمپنی ڈی ایل ڈی کے ڈائریکٹر جنرل سلطان بوتی بِن میجرین نے کہا کہ حالیہ دِنوں حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کوامارات کا دس سال کے لیے رہائشی ویزہ دینے اور پراپرٹی کے بزنس پر سرکاری ٹیکسز میں کمی لانے سے ریئل اسٹیٹ سے جڑے سرمایہ کاروں کی لاگت میں کمی واقع ہو گی جس سے معاشی سرگرمی میں اضافہ ہو گا اور بیرونی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کا رخ کرے گی۔ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں اماراتی باشندے اس وقت پہلے نمبر پر فائز ہیں جن کی جانب سے اس شعبے میں 6.8 ارب اماراتی درہم کا لین دین کیا گیا۔ اس کے بعد بھارتیوں کا نمبر ہے جن کے ذریعے 5.9ارب درہم کی ٹرانزیکشنز ہوئی۔ تیسرے نمبر پر سعودی سرمایہ کار ہیں جنہوں نے 3.7 ارب درہم کا لین دین کیا۔ دبئی میں ریئل اسٹیٹ کے سرمایہ کاروں میں اماراتی بھارتی سعودی برطانوی پاکستانی چینی مصری اردنی اور فرانسیسی باشندے سرفہرست ہیں۔

دبئی،ریئل اسٹیٹ

مزید : پشاورصفحہ آخر