دہشتگردوں کو شکست دینگے ،ان غیر معمولی قوتوں سے لڑر ہے ہیں جنہیں مستحکم اور پر امن پاکستان برداشت نہیں دہشتگردوں کے خاتمے تک جنگ لڑتے رہیں گے ،ہم رکنے والے نہیں:جنرل باجوہ

دہشتگردوں کو شکست دینگے ،ان غیر معمولی قوتوں سے لڑر ہے ہیں جنہیں مستحکم اور ...

راولپنڈی(جنرل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اے این پی کے راہنما ہارون بلور کی شہادت پر اظہار افسوس اور تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم رکنے والے نہیں دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور میں ہارون بلور پر دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے بلور خاندان اور عوامی نیشنل پارٹی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور پرامن ، مستحکم پاکستان کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان غیر معمولی قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جنہیں پرامن پاکستان برداشت نہیں ۔ لیکن مسلح افواج اور پاکستانی قوم مستحکم پاکستان کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔ ہم رکنے والے نہیں۔واضح رہے کہ اے این پی راہنما ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی 2013 میں ایک خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 23 مارچ 2018 کو ان کی جمہوریت کے لئے قربانی پر خراج تحسین پیش کیا تھا اور ہارون بلور نے ان کے والد کی خدمات کو سراہنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا تھا لیکن منگل کے روز ہارون بلور خود بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران دہشتگرد حملے میں شہید ہو گئے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول