سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے :سیکرٹری داخلہ

سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے :سیکرٹری داخلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے عام انتخابا ت 2018کے ضابطہ اخلاق اورسیکورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی سیکورٹی میں اضافہ اورانتخابی مہم چلانے والے کارنرزمیٹنگزکا کم سے کم انعقاد کریں تاکہ سانحہ یکہ توت پشاور جیسے واقعات جنم نہ لے سکیں جبکہ صوبے اپنی بین الصوبائی سرحدوں پرآمدورفت کی مانیٹرنگ اورسیکورٹی اقدامات کے لیے بین الصوبائی روابط اور تعاون کو فروغ دیں۔وہ بدھ کو کراچی میں ملک کے تمام صوبائی چیف سیکریٹریزکے اجلاس میں عام انتخابات کے تناظرمیں امن وامان کی صورتحال الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد اورعام انتخابات 2018کے لیے سیکورٹی پلان پرتبادلہ خیال کررہے تھے۔ اس موقع پرچیف سیکریٹری سندھ میجر (ر)اعظم سلیمان خان نے عام انتخابات کے پرامن اورشفاف انعقاد کے لیے مرحلہ وارسیکورٹی اقدامات وانتظامات سے متعلق انہیں بریفنگ اوراپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ نے چیف سیکریٹری سندھ کی تجاویزکوسراہتے ہوئے صوبہ سندھ باالخصوص ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ہونے والی تیاریوں پراطمنیان کا اظہارکرتے ہوئے امن وامان کی صورتحال کو پشاورکے حالیہ واقع کے تناظر میں مزید بہتربنانے کے ساتھ ساتھ عام انتخابا ت 2018کے ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔علاوہ ازیں چیف سیکریٹری سندھ نے صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک ، سیکریٹری داخلہ سندھ ہارون احمد خان ،سیکریٹری جنرل ایڈ منسٹریشن ساجد جمال ابڑو ،آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی سیکریٹری امپلیمنٹیشن اینڈ کو آرڈینیشن سید محسن علی شاہ ،کمشنر کراچی صالح فاروقی ۔ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر اور دیگر افسران بشمول کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے ہمراہ گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس میں واقع ماڈل پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا ۔انہوں نے واضح کیا کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے سندھ بھر میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ جنریٹرز اور یو پی ایس کی دستیابی یقینی بنائی جائے قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر این آر ٹی سی (نیشنل ریڈیو ٹیلی کام کارپوریشن) بریگیڈیئر توفیق احمد نے بتایا کہ سندھ کے تمام 5673پولنگ اسٹیشنز پر 20ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں ۔ٹیکنیکل اسٹاف کو کیمروں کے استعمال کی تربیت دی جارہی ہے اور 22جولائی کو تمام پولنگ اسٹیشن صوبائی الیکشن کمیشن کے حوالے کردئیے جائیں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول