عوام آزمائے ہوئے بازو دوبارہ آزما کر غلطی نہ کرئے،سردار ذوالفقار

عوام آزمائے ہوئے بازو دوبارہ آزما کر غلطی نہ کرئے،سردار ذوالفقار

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)عوام آزمائے ہوئے بازو دوبارہ آزما کر غلطی نہ کریں۔نوجوان قیادت ہی ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتی ہے۔پارٹیاں بدلنے والوں کی سیاست 25جولائی کو ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی ۔ضلع اٹک میں پیپلز پارٹی کی کامیابی دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 55سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ذوالفقار حیات خان نے لارنس پور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حلقہ پی پی 1سے امیدوار سردار عرفان خان بھی موجود تھے جبکہ تقریب کا انعقاد تحصیل صدر اٹک خالد خان اور امیر نواز خان کی جانب سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار ذوالفقار حیات خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ آج جس ایٹم بم پر میاں نواز شریف فخر کرتے نظر آتے ہیں وہ بھی ہمارے لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کا اس قوم کے لیے تحفہ تھا جس نے اس ملک کی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک کی بقاء کی جنگ لڑی ہے اور اس ملک کے لیے ہماری لیڈر شپ نے اپنی جانیں بھی قربان کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام کی جانب سے پیپلز پارٹی کی حمایت دیکھتے ہوئے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور وہ وقت سے قبل ہی اپنی شکست قبول کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے 25جولائی کو مایوس ہوں گے اور کامیابی کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر سجے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر