ڈینگی کوکنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ ادارے اپنا کرداراداکریں،اے سی طارق عثمان

ڈینگی کوکنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ ادارے اپنا کرداراداکریں،اے سی طارق عثمان

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)ڈینگی کو بر وقت کنٹرول کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔تمام سکولوں ۔ہسپتالوں اور اہم شاہراہوں پر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بینر آویزاں کیے جائیں اور علمائے کرام مساجد میں اپنے خطبوں کے دوران بھی عوام کو اس حوالے سے آگاہی دے کر معاشرے کو اس موذی مرض سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال طارق عثمان نے ڈینگی کے حوالے سے منعقد اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی حسن ابدال ساجد علی خان۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محترمہ سعدیہ مشتاق ۔ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سعید ۔فوکل پرسن ڈینگی حافظ محمد انور سمیت تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود تھے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر طارق عثمان کو تمام محکموں کی جانب سے ڈینگی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر طارق عثمان نے کہا کہ ڈینگی پر بروقت قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اس حوالے سے فوری اقدامات کرتے ہوئے رپورٹ مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں فوری صفائی کروائی جائے جبکہ سکول کے طلباء کو اس حوالے سے آگاہی دینے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ فوری طور پر تمام اہم جگہوں پر جہاں عوام کی آمد و رفت زیادہ ہو ڈینگی سے بچنے کی تدابیر کے بینر آویزاں کیے جائیں تا کہ عوام کو اس حوالے سے آگاہی مل سکے۔انہوں نے محکمہ ہیلتھ کو ہدایات جاری کیں کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں لیبارٹری 24گھنٹے کھولی جائے تا کہ شہری بروقت ٹسٹ کروا سکیں۔ اس موقع پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سعید نے بتایا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوئی خصوصی اسٹاف موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لیڈی ہیلتھ ورکروز کو اس کام پر لگایا جاتا ہے مگر ان کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا جا چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل محلہ اسلام پورہ سے ایک سیمپل لے کر لیبارٹری ٹسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے ۔چیف آفیسر ساجد علی خان نے بھی علاقے میں صفائی اور ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جبکہ محلہ تعلیم کے ڈی ڈی ای او ذوالفقار علی راجہ نے بتایا کہ سکولوں میں چھٹیاں ختم ہوتے ہی طلباء میں آگاہی مہم شروع کر دی جائے گی جبکہ ان دنوں چھٹیوں کے باوجود سکولوں میں صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تا کہ برسات میں ڈینگی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر