کامیابی کے عبدمچھر کالونی میں نادرا کا دفتر قائم ہوگا،سلمان خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)NA-248 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد سلمان خان نے مچھر کالونی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ انتخابات جیتنے کی صورت میں چھ مہینے میں اس علاقے میں نادرا کے دفتر کے قیام کو ممکن بنائیں گے۔ عوام کی تالیوں کی گونج میں سلمان خان نے کہا کہ وہ صرف وعدہ نہیں کررہے بلکہ اسے پورا کرکے بھی دکھائیں گے اور علامتی ضمانت کے طور پر اپنا اصلی شناختی کارڈ مسلم لیگ کے علاقے کے صدر سردار معین کے حوالے کردیا۔ سلمان خان نے علاقے کے دوسرے مسائل کی بھی نشاندہی کی اور خاص طور پر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ علاقے میں صحت، تعلیم اور صاف پانی کا کوئی بندوبست نہیں ، حالانکہ ایک پارٹی مکمل اختیار کے ساتھ دس سال سے برسراقتدار آتی رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الیکشن جیتنے کی صورت میں وہ علاقے میں دانش اسکول اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کا سب سے بڑا ہسپتال بھی اسی علاقے میں قائم کریں گے اور صاف پینے کی پانی کی اسکیم بھی متعارف کرائیں گے۔ سلمان خان کا کہنا تھا کہ دانش اسکول میں بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے اور انہیں وظیفہ بھی ملے گا تاکہ ان کے گھر والے ان کی آمدنی سے محروم ہو کر مشکلات کا شکار نہ ہوجائیں ۔ انہوں نے پنجا ب میں بے مثال ترقی کی مثال دی اور کہا کہ شہباز شریف کا بھی کراچی سے انتخاب لڑنا اس بات کی ضمانت ہے کہ مسلم لیگ اب کراچی کے لوگوں کو بے سہارا نہیں چھوڑے گی بلکہ اس شہر کی ماضی کی عظمت کو بحال کرکے ایک دفعہ روشنیوں کا شہر بنائے گی۔