عمران خان اور ریحام خان اکٹھے اس وقت کے آرمی چیف راحیل شریف کے گھر کیوں گئے تھے؟ ریحام خان نے انتہائی حیران کن بات کہہ دی

عمران خان اور ریحام خان اکٹھے اس وقت کے آرمی چیف راحیل شریف کے گھر کیوں گئے ...
عمران خان اور ریحام خان اکٹھے اس وقت کے آرمی چیف راحیل شریف کے گھر کیوں گئے تھے؟ ریحام خان نے انتہائی حیران کن بات کہہ دی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ریحام خان کی کتاب بالآخر منظرعام پر آ گئی ہے جس میں انہوں نے عمران خان کے ساتھ اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے گھر جانے کا حیران کن واقعہ بھی بیان کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’میں لندن میں تھی جب میں نے خبر سنی کہ جنرل راحیل شریف کی والدہ کا انتقال ہو گیا ہے۔ میں نے عون سے فون پر بات کی اور پوچھا کہ آیا عمران خان نے ان کے جنازے میں شرکت کی تھی یا نہیں۔اس کا جواب مجھے ’نہیں‘ میں ملا۔ میں جانتی تھی کہ دھرنے کے دوران عمران خان کی جنرل راحیل سے ملاقات ہوئی تھی جو زیادہ خوشگوار نہیں تھی۔ تاہم میں سمجھتی تھی کہ آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان حائل خلیج کو پاٹنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ جب میں واپس پاکستان آئی تو اصرار کرکے عمران خان کو اپنے ساتھ جنرل راحیل شریف کے گھر لیجانے پر رضامند کر لیا۔‘‘

ریحام خان مزید لکھتی ہیں کہ ’’عون گاڑی چلا رہے تھے۔ جب ہم جنرل راحیل شریف کے گھر پہنچے تو یہ دیکھ کر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی کہ جنرل راحیل اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ پورچ میں ہمارے استقبال کے لیے کھڑے تھے۔ کسی آرمی چیف کی طرف سے کسی سیاستدان کا اس طرح استقبال کرنا میرے لیے کافی حیران کن تھا۔ آرمی چیف اور ان کے خاندان نے ہماری جو خاطرمدارت کی اور جس طرح کا سلوک کیا وہ بھی بہت قابل تحسین تھا۔ جنرل راحیل کی اہلیہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ کرکٹ کے ہیرو عمران خان کی مداح ہیں۔تاہم یہ باتیں بھی عمران خان کا موڈ ٹھیک نہیں کر سکیں۔ جنرل راحیل بہت آرام سے بیٹھے گفتگو کرتے رہے جیسے انہیں ملاقات ختم کرنے کی کوئی جلدی نہیں تھی لیکن عمران خان بار بار مجھے جلدی کافی ختم کرنے کا کہتے رہے۔ ان کے اس روئیے سے مجھے کافی خفت اٹھانی پڑی۔‘‘واضح رہے کہ ریحام خان نے اپنی یہ کتاب کسی پبلشر سے نہیں چھپوائی بلکہ اسے ایمازون کے ٹیبلٹ کنڈل پر جاری کر دیا ہے۔ اس کی قیمت 9.99ڈالر رکھی گئی ہے اور اسے صرف آن لائن پڑھا جا سکتا ہے۔ اس کتاب کا نام بھی انہوں نے ’’ریحام خان‘‘ ہی رکھا ہے۔

مزید خبریں :’’عمران خان سلیم صافی کو اس نام سے پکارتے تھے‘‘ ریحام خان نے ایسی بات کہہ دی کہ صحافی سلیم صافی کا رنگ لال ہو جائے گا

مزید : قومی