شہباز شریف ڈرامے باز ، نوازشریف ایسے آرہے ہیں جیسے کوئی بہت بڑا معرکہ مار لیا ہو ، مسلم لیگ (ن)کا کوئی باشعور کارکن ایئر پورٹ پر نہیں جائیگا:عمران خان کا دعویٰ
نارووال (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ شہباز شریف ڈرامے باز ہیں ، نواز شریف ایسے آرہے ہیں جسے بہت بڑا معرکہ مار لیا ہو، قانون کی بالا دستی سے قومیں ترقی کرتی ہیں، عوام کو شعور آچکا ہے ، نواز شریف کے استقبال کیلئے جانیوالوں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق نارووال میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کل واپس آرہا ہے اور جو بھی لوگ ایئر پورٹ پر اس کو لینے جائیں گے میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ میں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔ مسلم لیگ ن کے کارکن کو جب اسکا بچہ پوچھے گا کہ ابا جی آپ ایئر پورٹ پر کیا لینے جارہے ہیں؟ تو وہ جواب دے گا کہ میں میاں محمد نواز شریف کو لینے جارہا ہوں جو بڑی محنت سے قوم کا تین سو ارب روپیہ چوری کرکے باہر لے کر گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی بھی باشعور کارکن ائر پور ٹ پر نہیں جائیگااس شخص کو لینے جو غریب قوم کا 300سوارب چوری کرکے ملک سے باہر لے کر گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے پنجاب پر 30سال حکمرانی کی مگر ایک ہسپتال نہیں بنایا جہاں اس خاندان کے افراد کا علاج ہو جائے ۔نواز شریف ملک کا تین سوارب روپیہ باہر لے کر گیا ہے ۔ تین سو ارب روپیہ باہر پڑا ہے جبکہ شوکت خانم جو پشاور میں بنا ہے وہ چار ارب میں بنا ہے ۔انہوں نے صرف اس ملک کاپیسہ چوری نہیں کیا بلکہ انہوں نے اس ملک سے اچھے اور برے کی تمیز ختم کردی ہے ۔ اس لئے میں کہتا ہوں کہ جو بھی اس کا استقبال کرنے جائے گا وہ گدھا ہوگا ۔ ہمارا ڈھائی کروڑ بچہ سکولوں سے باہر ہے ، صاف پانی نہ ہونے سے بچے مرتے ہیں، خواتین دوران زچگی مرجاتی ہیں جبکہ 45فیصد بچے ناقص خوراک کی وجہ سے پوری طرح نشوو نما نہیں پاسکتے اور یہ بے حس لوگ قوم کا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مافیا کے ساتھ ہے ۔ صرف وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو قانون کا احترام کرتی ہیں جبکہ قانون کا احترام نہ کرنے والی قومیں صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔نواز شریف نے کارکنوں کو ایئر پورٹ پر آنے کا کہا ہے لیکن مجرم کو لینے کوئی ائر پورٹ پر نہیں جائے گا ۔