سعودی حکومت نے ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو انتہائی شاندار خوشخبری سنادی
جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) آج کل سعودی عرب سے غیر ملکیوں کے لئے کم ہی کوئی اچھی خبر آتی ہے۔ ایسے میں یقیناً یہ خبر بہت حوصلہ افزاء ہے کہ حج سیزن کے دوران غیر ملکی شہریوں کے زیر کفالت افراد عارضی طور پر بذریعہ اجیر سسٹم حج کمپنیوں کے لئے کام کر سکیں گے۔
’سعودی گزٹ‘ کے مطابق اس سہولت سے مستفید ہونے کے لئے غیر ملکیوں کے زیر کفالت افراد کو وزارت محنت و سماجی ترقی کے اجیر ٹیمپرری حج امپلائمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن کروانا ہوگی, وہ غیر ملکی جو پہلے سے کوئی ملازمت کررہے ہیں اگر وہ حج سیزن کے دوران کسی اور کمپنی کے لئے کام کرنا چاہیں تو انہیں اپنے کفیل سے اجازت لینا ہوگی۔
وزارت محنت و سماجی ترقی کے مذکورہ سسٹم کو ملازمت کی تلاش کیلئے 15 سال سے زائد عمر کے سعودی و غیر سعودی افراد یکساں طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ اجیر سسٹم سے جو کمپنیاں ملازمین حاصل کریں گی انہیں ہر ملازم کی مد میں160 سعودی ریال کی فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ سعودی حکام کے مطابق اس سسٹم کا مقصد حج سیزن کے دوران بیرون ملک سے بھرتیوں کو کم از کم کرنا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گھریلو ملازمین اجیر سسٹم سے مستفید نہیں ہوسکتے، جبکہ غیر ملکی شہری اس سسٹم کے ذریعے ان ملازمتوں کے لئے درخواست نہیں دے سکتے جو صرف سعودی شہریوں کیلئے مخصوص کی جاچکی ہیں۔