سکول سطح پر کھیل کو لازمی مضمون کادرجہ دیاجائے‘ مشعل یوتھ سوسائٹی

سکول سطح پر کھیل کو لازمی مضمون کادرجہ دیاجائے‘ مشعل یوتھ سوسائٹی

لاہور(پ ر)مشعل یوتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام تین اگست سے شروع ہونے والے جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز روحا ہاکی اکیڈمی گراؤنڈ میں منعقد ہوا،جس میں مشعل یوتھ سوسائٹی کے چیئرمین سلیم شاکر،جنرل سیکرٹری کاشف سجن،جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کے آرگنائزنگ سیکرٹری انعام الحق سلیم،کواڈینیٹر ابو حریرہ،سردارنصراللہ عباسی،وکٹر لال،روحا ہاکی اکیڈمی کی چیئر پرسن سحرش گھمن،انٹرنیشنل ہاکی کوچ محمد بشیر،ایتھلیٹکس کوچ اُستاد بشیر انجم اورسوئمنگ کوچ وسیم نے شرکت کی۔ آرگنائزنگ سیکرٹری انعام الحق سلیم نے اجلاس کے شرکاء کو جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کی تیاریوں بارے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ تین سے چودہ اگست تک جاری رہنے والے جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں نوجوان کھلاڑی کرکٹ، فٹبال، سوئمنگ،بیڈمنٹن، والی بال،بیس بال،ٹچ بال،آرام ریسلنگ،کبڈی،دنگل،رگبی،جوڈوکراٹے، ایتھلیٹکس اور ٹگ آف وار کے کھیل میں جبکہ خواتین کھلاڑی منی میراتھن، ایتھلیٹکس،رگبی اور ہاکی کے کھیل میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔اجلاس کے شرکاء نے ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے سکول کی سطح پر کھیل کو ایک لازمی مضمون بنانے کامطالبہ بھی کیا۔آرگنائزنگ سیکرٹری انعام الحق سلیم نے زندگی میں کھیل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند رہنے کیلئے زندگی میں کھیل کی بہت زیادہ اہمیت ہے،کھیل سے انسان ذہنی اور جسمانی دونوں طرح فٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود سے انسانی دماغ کی نشونما ہوتی ہے اور انسان چاق و چوبند رہتا ہے لیکن بدقسمتی سے آجکل کے نوجوان کی توجہ کھیلوں سے ہٹ گئی ہے اور کھیل کے میدان ویران ہوگئے ہیں لہٰذا مشعل یوتھ سوسائٹی حکومت سے مطالبہ کرتی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کی جا ئیں تا کہ وہ ویڈیو گیمز کی لت سے بچ کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی