پنجاب: ضلعی عدالتوں نے5 ماہ میں 10 لاکھ سے زائد مقدمات نمٹائے
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے پانچ ماہ کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔ صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں نے پانچ مہینوں میں پونے گیارہ لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 31 مئی تک دس لاکھ 77 ہزار 310 مقدمات کے فیصلے کئے گئے ہیں، جبکہ اسی عرصہ میں 10 لاکھ 27 ہزار 52 نئے مقدمات دائر ہوئے۔پانچ ماہ کے مختصر عرصہ میں پنجاب کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد تعداد دس لاکھ 84 ہزار سے کم ہوکر 10 لاکھ 44 ہزار رہ گئی ہے۔قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے ضلعی عدلیہ کے ججز کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ ماہ کے عرصہ میں نمٹائے گئے مقدمات کی تعدادنئے دائر ہونے والے مقدمات سے تقریبا 50 ہزارزیادہ ہے، یہ فرق اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدلیہ کا اولین فریضہ ہے۔ فوری اور معیاری انصاف کی فراہمی بنچ اور بار کے مشترکہ لائحہ عمل اور بہترین معاونت کا نتیجہ ہے۔
مقدمات