مشترکہ حریت قیادت نے کل یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہڑتال کی کال دیدی

    مشترکہ حریت قیادت نے کل یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہڑتال کی کال دیدی

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے (کل)13جولائی بروز ہفتہ کو یو م شہدائے کشمیر کے موقع پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل کی فوری ضرورت اور کشمیری عوام اور حریت رہنماؤں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بندکرانے پر زوردینا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اس روز مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کی بھی اپیل کی ہے جہاں 1931کے شہداء دفن ہیں۔ 13 جولائی 1931کوڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اس روز ہزاروں کشمیری  عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر جمع ہوئے تھے۔ عبدالقدیر نے کشمیریوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہاتھا۔ اس دوران نماز ظہر کا وقت ہواتو ایک نوجوان آذان دینے کیلئے اٹھا۔ ڈوگرہ فوجیوں نے آذا ن دینے والے نوجوان کو گولی مار کو شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر آذان جاری رکھی اوراسے بھی فوجیوں نے گولی مارکر شہید کردیا۔ اس طرح سے آذان مکمل ہونے تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ڈوگروہ فوجیوں کی فائرنگ سے بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ ادھر حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں 13جولائی 1931کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ 1931کی عوامی تحریک صدیوں پرانے آمرانہ نظام کے خلاف کشمیری عوام کی مضبوط مشترکہ جدوجہد تھی اور اس دوران شہید ہونیوالے کشمیریوں کو صف اول کے شہداء کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد اس وقت سے جاری ہے اور اس دوران لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا پر امن حل اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ روایت کے مطابق میر واعظ عمر فاروق 13جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جامع مسجد سرینگر سے مزار شہداء نقشبند صاحب تک نماز ظہر کے بعد ایک پر امن مارچ کی قیادت کریں گے۔

کشمیر ہڑتال

مزید : صفحہ آخر


loading...