ملی یکجہتی کونسل نے ملک گیر”تحریک ریاست مدینہ“چلانے کا فیصلہ

ملی یکجہتی کونسل نے ملک گیر”تحریک ریاست مدینہ“چلانے کا فیصلہ

لاہور (آن لائن) ملی یکجہتی کونسل نے ملک گیر”تحریک ریاست مدینہ“چلانے کا فیصلہ کیاہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق کی میزبانی میں منصورہ میں منعقدہ ملی یکجہتی کونسل کی سپریم کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں قوم سے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کا جو وعدہ کیا تھا، انہیں وہ وعدہ دلانے کے لیے ملک بھر کے بڑے شہروں میں ”ریاست مدینہ“کے نام سے کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ تحریک ریاست مدینہ کے لائحہ عمل اور پروگرامات کو حتمی شکل دینے کے لیے سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی سربراہی میں ایک ایکشن کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق، حافظ عبدالغفار روپڑی، ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، قاضی ظفر الحق، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، پیر غلام رسول اویسی، مولانا عبدالمالک، نذیر احمد جنجوعہ، ثابت اکبر اور پیر سید لطیف الرحمن شاہ سمیت ملک کی 19 معروف دینی جماعتوں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر نے کہاکہ مذہبی قوتوں کو دیوار سے لگانے اور مذہبی اقدار کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور عالمی استعماری طاقتوں نے پاکستان کو ہدف بنا رکھاہے بدقسمتی سے ہمارے حکمران ان سازشوں کو روکنے کی بجائے ان قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ملک میں شعائر اسلام اور اسلامی اقدار کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ سب سے زیادہ مذاق مدینہ کی اسلامی ریاست کو بنایا جارہاہے جس کا وعدہ کر کے خود وزیراعظم نے اس سے انحراف کیا۔ آج ملک میں سیاسی، معاشی، تعلیمی اور عدالتی نظام اسلام کے خلاف ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے اور عوام کا جینا دوبھر ہوگیاہے۔

ملی یکجہتی کونسل

مزید : صفحہ آخر