جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی مجلس شوریٰ کا اجلاس آج منصورہ میں ہوگا

  جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی مجلس شوریٰ کا اجلاس آج منصورہ میں ہوگا

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے صوبائی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس آج 12جولائی بروز جمعۃ المبارک کوصوبائی دفتر منصورہ لاہورمیں طلب کرلیاہے۔شوریٰ کے اجلاس میں صوبائی ٹیم کا تقرر و حلف لیا جائے گا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

۔ دریں اثناء نومنتخب امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وقت کی بے حسی اور ہٹ دھرمی کے باعث معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے۔ 17فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے۔ دو وقت کی روٹی کو ترستے غریب پاکستانیوں کے لیے آٹے کی فی بوری میں 550اور میدے کی بوری پر700روپے کا اضافہ تشویشناک ہے۔ حکومت ظالمانہ ٹیکسوں کو واپس لے۔ حکمران جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے غریب عوام اور چھوٹے تاجروں سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ بجلی، گیس اور روزمرہ کے استعمال کی چیزیں مسلسل مہنگی ہونے سے عوام بد حال ہیں۔ نااہل اورناکام ترین حکمرانوں نے عوام کو طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزیدکہاکہ ملک میں صنعتوں کی بندش سے 10لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ گزشتہ دس دنوں سے حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف سینکڑوں کارخانے بندہوچکے ہیں، ملک بھر میں ہڑتالیں اور مظاہرے ہورہے ہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص سراپا احتجا ج ہے مگر افسوس ناک امریہ ہے کہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1