لاہور اور ایف سی کالج کی طالبات نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ کیا

  لاہور اور ایف سی کالج کی طالبات نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ ...

لاہور(سٹی رپورٹر) محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں لاہور ویمن کالج یونیورسٹی اور ایف سی کالج کی انٹرن شپ کے لئے آئی طالبات نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر صائمہ مسعود نے طالبات کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عوام کو بنیادی سہولیا ت کی فراہمی کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے تیز تر اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے۔اس سلسلہ میں محکمہ سماجی بہبود نے خواتین کو کار آمد شہری بنانے کے لئے مختلف پراجیکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔تاکہ وہ مستقبل کا کار آمد شہری بن کر اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔ اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود کے تربیتی مراکز خواتین کو ہنر مند بنا کر اپنی خدمات میں پیش پیش ہیں۔حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سوشل یرسیکٹر پر خصوصی توجہ دی ہے جس کیلئے بجٹ میں 125 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

لاہور میں بنائی جانے والی پانچ پناہ گاہوں کی مقبولیت اور افادیت کو دیکھتے ہوئے موجودہ بجٹ میں ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں مزید 9 پناہ گاہیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور میں بے گھر افراد کے لئے ''پناہ گاہ'' کا منصوبہ بے حد کامیاب رہا ہے۔ پنجاب احساس پراگرام کے تحت پورے پنجاب میں پناہ گاہوں کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے محروم اور توجہ طلب طبقوں کے لئیے جو پروگرامز تجویز کئیے گئے ہیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ3 ارب روپے کی لاگت سے احساس پروگرام کے تحت باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے۔ معذور افراد اور ان کے خاندانوں کی مشکلات کے ازالے کے لئیے 30 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے ہم قدم پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بیواؤں اور یتیموں کی کفالت کے لئیے سر پرست پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے لئیے 2ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ موجودہ بجٹ میں معاشرے کے محروم طبقے خواجہ سراوں کی فلاح و بہبود کے لئیے 20 کروڑ روپے کی لاگت سے''مساوات'' پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ احساس پروگرام کے تحت متعارف کروائے جانے والے پروگرامز پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1