اسلام آباد میں پہلی بار منعقدہ فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز ہو گیا

    اسلام آباد میں پہلی بار منعقدہ فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز ہو ...

اسلام آباد ( این این آئی) اسلام آباد میں پہلی بار منعقدہ فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز ہو گیا، افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان کی دواساز صنعت ترقی کر رہی ہے ، اسے مزیدآگے لے کر جائیں گے، مقامی صنعت کو اہمیت دینے سے فوائد حاصل ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ اس دو روزہ نمائش کا افتتاح بدھ کی صبح وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اورسی ای او ڈریپ عاصم روَف نے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نارتھ چوہدری انصر فاروق، سابق سی ای او ڈریب ڈاکٹر اسلم اور منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی بھی موجود تھے ۔ دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت منعقد کی جارہی ہے ۔

افتتاح کے بعد وزیرمملکت نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور پروڈکٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ حکومت اور عوام پاکستان کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فارماسوٹیکل کی صنعت کو آگے لے کر جائیں گے ۔ مقامی صنعت کو اہمیت دینے سے فوائد حاصل ہوں گے ۔ پاکستان کی فارما انڈسٹری بہت آگے جارہی ہے ، ہ میں فارما انڈسٹری کو سپورٹ کرنا پڑے گا ۔ علی محمد خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ۔ دنیا بھر میں کام کرنے والے بہترین پاکستانی ڈاکٹرز اور انجینئرز کو عزت دی جائے تو وہ آدھی تنخواہ پر پاکستان میں کام کرنے کو تیار ہیں ۔ وزیرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ریڑھ کی ہڈی ہے، ہ میں زراعت کو آگے لانا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ اپنی انڈسٹری کو آگے لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے مراعات لے کر آ رہے ہیں ، کھاد کی قیمت میں کمی ہونی چاہیے،اٹھارویں ترمیم کے بعد زراعت کا بجٹ کم ہواہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے بتایا کہ پہلا فارما اینڈ فوڈ سمٹ بھی نمائش کا حصہ ہے، نمائش اور کانفرنس میں پاکستان کے مختلف شہروں سمیت بیرون ممالک سے بھی مندوبین شریک ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں فارما اینڈ ہیلتھ کیئرانڈسٹری سے وابستہ پارٹنرز اور نمائش کنندگان شریک ہیں ،یہ نمائش ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد دے گی ۔ کامران عباسی نے بتایا کہ نمائش بدھ اور جمعرات شام چھ بجے تک جاری رہے گی ۔

مزید : کامرس