وزیر اعظم کی خواہش کے مطابق عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرینگے: شوکت یوسفز ئی
پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے تعاون اور یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی پشاور میں موذی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے ایک عوامی آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ دیگر شرکاء میں ڈی جی ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر جانباز آفریدی، ایڈیشنل ڈی جی طاہر خلجی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت خیبر پختونخوا،پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایچ پی پروگرام ڈاکٹر صاحب گل، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہد یونس، ڈاکٹر کامران یونیسیف پاکستان، ڈاکٹر صائمہ عابد پی ایچ اے، ڈاکٹر شبینہ رضا نیوٹریشن انٹرنیشنل کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے محکمہ صحت کی اس کوشش کو سراہا اور کہا کے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کریں اور موذی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ خواب ہے کہ پاکستان کے عوام کو بہتر صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات مہیا کریں اور وہ اس سلسلے میں دن رات محنت کر رہے ہیں اور ہم سب ان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کی قیادت میں محکمہ صحت صوبے کے عوام کے لیے صحت کی بہترین سہولیات مہیا کر رہا ہے اور اس میں مزید بہتری لانے کے لئے کہیں زیادہ نئے منصوبوں پر کام جاری ہے۔