اسلام آباد زون فور میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ شروع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے زون 4 میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت 18500 مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ڈیڑھ سال میں دس ہزار گھر بذریعہ قرعہ اندازی غریبوں کو دئیے جائیں گے۔ سکیم کا آغاز اسلام آباد کی دو کچی آبادیوں سے ہوگا جبکہ دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے گا۔ جمعرات کے روز نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا منصوبے کے آغاز پر خوش ہوں حکومت کے پاس اتنا سرمایہ نہیں کہ اکیلے 50 لاکھ گھر بناسکے اس لئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔ اسلام آباد کے زون 4 میں ساڑھے اٹھارہ ہزار مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جس میں ڈیڑھ سال کے عرصے میں دس ہزار گھر بذریعہ قرعہ اندازی غریبوں کو دئیے جائیں گے۔ حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ نجی شعبہ مکانات کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری کرے گا۔ دنیا کے دیگر ممالک میں بینک گھر بنانے کیلئے قرض دیتے ہیں۔ بھارت، ترکی، ملائیشیا سمیت دیگر ممالک میں بھی اس طرح کی سکیمیں کامیاب رہی ہیں جبکہ پاکستان میں گھروں کی تعمیر کیلئے بینکوں کے قرض دینے کی شرح انتہائی کم ہے۔ قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا بینکوں کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے پر تارکین وطن کا مشکور ہوں، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا، ترسیلات زر کا مجموعی حجم 21 ارب 80 کروڑ ڈالر سالانہ ہوگیا ہے، گزشتہ سال ترسیلات زر میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ اس سال کی ترسیلات پچھلے سال کی نسبت بہت زیادہ ہے جبکہ پچھلے سال ترسیلات زر میں صرف 2.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔