آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

  


لاہور (ویب ڈیسک) آج سے جمعرات کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواﺅں اور آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب اور خیبر پختون خوا میں اکثر مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ بارش منگلا میں 54، جہلم میں 32، لاہور شہر میں 25، لاہور ایئر پورٹ پر 24، اسلام آباد ایئر پورٹ پر 18، کشمیر کے علاقے گڑھی میں 34، راولا کوٹ میں 22 اور کوٹلی میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ادھر مون سون کے موسم کا آغاز ہونے کے باوجود حیدر آباد کی ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی جانب سے کوئی پیشگی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں، زائد بارشوں کی صورت میں حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی لیکن حیدر آباد کے علاقوں لطیف آباد اور قاسم آباد میں مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔شہر کے 5 برساتی نالوں کی صفائی کا کام تاحال شروع نہیں کیا گیا، شہری خوف کا شکار ہیں کہ شہرمیں کچرے کے انبار، نکاسی آب کے ناقص نظام اور برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارش باعثِ زحمت نہ بن جائے۔میئر حیدر آباد سہیل مشہدی کا دعویٰ ہے کہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ، واسا اور بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی جانب سے عملی اقدامات اٹھا کر مون سون بارشوں کو شہریوں کے لیے باعثِ رحمت بنایا جاسکتا ہے۔

مزید : ماحولیات