اشتہارات میں کمیشن کا الزام،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر فارغ

  اشتہارات میں کمیشن کا الزام،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر فارغ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اشتہارات میں کمیشن لینے کے الزام میں اجمل وزیرسے مشیر اطلاعات کا قلمدان واپس لیکرمعاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کو مشیر اطلاعات کا اضافی چارج سونپ دیا۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا ایڈوائزرز اینڈ اسپیشل اسسٹنٹس ٹو چیف منسٹر (اپائنمنٹ) ایکٹ، 1989 کے سیکشن 3 کے ذریعے تفویض کردہ اختیارات کے تحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجمل خان وزیر سے فوری طور پر مشیر اطلاعات اور تعلقات عامہ کا قلمدان واپس لے لیا ہے اور معاون خصوصی برائے بلدیاتی حکومت، انتخابات اور دیہی ترقی کامران بنگش کو مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ کا چارج سونپ دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ خیبرپختونخوا کے نئے مشیر اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ ایک آڈیو لیک ہونے کے بعد اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ اجمل وزیر کی جانب سے اشتہاری ایجنسی سے کمیشن لینے کی کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کو بھی اس معاملے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق میڈیا کو جلد تفصیلی بریفنگ دوں گا۔علاوہ ازیں کرپشن چارجز کے تحت سابق مشیر اطلاعات اجمل وزیر پر مبینہ کرپشن چارجز کی تحقیقات کیلئے انکوائری تشکیل دیدی گئی۔دریں اثنا ء وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیرکی حالیہ آڈیو ٹیپ منظر عام آنے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلی سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا پشاور سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وزیر اعلی اجمل وزیر کی آڈیو پیٹ لیک ہونے کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری چاہتے ہیں۔لیک ہونیوالی ویڈیو اجمل وزیر اور اشتہارات کی کمپنی کے مالک کے درمیان گفتگو پر مبنی ہے جس میں جی ایس ٹی اور ٹیکسز میں چھوٹ سے متعلق بات چیت کی گئی۔ مالک کمپنی نے کہا جی ایس ٹی کتنا ہوتا ہے؟ ہر صوبے کا جی ایس ٹی الگ ہوتا ہے؟ جس پر اجمل وزیر نے کہا آپ نے اس دن کہا کہ 2 فیصد ٹیکس کٹے گا۔مالک کمپنی نے کہا اشتہارات کا پورا میڈیا پلان بنایا ہوا ہے، 2 نہیں سر 10 فیصد دوں گا، جی ایس ٹی نہیں کٹے گا تو میں زیادہ دوں گا۔واضح رہے 3 مارچ 2020 کو وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اجمل وزیر کو یہ قلمدان سونپا گیا تھا۔
اجمل وزیر معاملہ

مزید :

صفحہ اول -