بھارتی فوج کی گوئی سیکٹر میں سویلین آبادی پر گولہ باری،رہائشی مکان،دکان تباہ

بھارتی فوج کی گوئی سیکٹر میں سویلین آبادی پر گولہ باری،رہائشی مکان،دکان ...

  

تتہ پانی(آن لائن)بزدل بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں سویلین آبادی پر بلااشتعال شدید گولہ باری، ایک رہائشی مکان اور دوکان کو بھاری نقصان پہنچا، اہلخانہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، دوکان میں موجودہ سامان بھی تباہ ہوگیا، عوام میں خوف وہراس پیدا ہوگیا، پاک فوج نے بھرپور جوابی کاروائی کے ذریعے دشمن کی گنیں خاموش کرادیں۔لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹرپر بھارتی فوج نے جمعہ وہفتہ کی درمیابی شب کے قریب اچانک بلااشتعال گولہ باری شروع کردی اور ہیوی مارٹر گنوں نے سویلین آبادی کے علاقوں رڈ،کٹھار، بٹالی وغیرہ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ بٹالی گوئی کے رہائشی انور آزادولد لعل محمد کے مکان پر گولہ گرنے سے مکان کو نقصان پہنچا جبکہ اہل خانہ معجزانہ طورپر محفوظ رہے،جبکہ کٹھار میں ذیشان اکبر ولد سید اکبر کی دوکان پر گولہ گرنے سے دوکان اور اس میں موجودسامان تباہ ہوگیا۔شہری گھروں میں موجودنہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان سے محفوظ رہے۔ ادھر پاک فوج نے بھرپور جوابی کاروائی کے ذریعے دشمن کی گنیں خاموش کرائیں۔ایل اوسی پر بھارتی فوج کی آئے روز بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری نے مکینوں کی زندگیوں کو مکمل اجیران بنادیا ہے۔ ایل اوسی مکینوں نے حکومت پاکستان، عالمی برداری اور اقوام متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایل اوسی پر آباد سویلین آبادی پر بھارتی فوج کی جارحیت کا سختی سے نوٹس لے اور یہ سلسلہ فوری بند کروائے۔

بھارت فائرنگ 

مزید :

صفحہ اول -