2سال کا بچہ چلنا شروع کر دیتا یہ حکومت ابھی تک لڑکھڑا رہی ہے:سراج الحق

2سال کا بچہ چلنا شروع کر دیتا یہ حکومت ابھی تک لڑکھڑا رہی ہے:سراج الحق

  

لاہور/دیرپائن (آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ حکومت اس قابل نہیں کہ شہادت جیسا عظیم مرتبہ حاصل کرسکے۔ہم اس کے حق میں نہیں ہیں۔حکمران خود چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا واقعہ ہوجائے جس کی آڑ میں انہیں فرار کا موقع مل جائے تاکہ آئندہ انتخابات میں یہ دوبارہ قوم کو دھوکہ دے سکیں۔چھ ماہ بعد حکومتی کشتی سے چھلانگیں لگانے والے ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔یہ جعلی حکومت ہے جس کواب بھی انگلی پکڑ کر چلایا جارہا ہے۔دوسال بعد بچہ بھی اپنے پاؤں پر چلنا شروع کردیتا ہے مگر یہ حکومت ابھی تک لڑکھڑا رہی ہے۔حکمرانوں کو یقین ہے کہ وہ پانچ سال مکمل نہیں کرسکیں گے،آج پھر وزیر اعظم کا بیان آیا ہے کہ ان کے پاس صرف پانچ ماہ ہیں۔حکومت نے اعتراف کرلیا ہے کہ وہ بائیس ماہ میں میٹنگز،وعدوں اور بریفنگز کے سوا کچھ نہیں کرسکی۔قومی اسمبلی میں عوام کے مفاد میں کوئی قانون سازی نہیں ہوسکی۔گالی گلوچ کیلئے نئے نئے الفاظ متعارف کروانے والے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی ایک فیصلہ نہیں کرسکے۔حکومت اٹھارویں ترمیم ختم کرکے صوبوں کوجو تھوڑے بہت اختیارات دیئے گئے تھے ان پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہتی ہے۔حکومت کی کارکردگی میں اٹھارویں ترمیم نہیں ان کی اپنی نااہلی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائین میں کرونا کے شہدا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب اور ضلعی امیر و سابق رکن صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلے جب اسمبلی کا اجلاس ہوتا تھا تو عوام انتظار میں ہوتے تھے کہ حکومت مہنگائی،بے روز گاری کے خاتمہ اور انہیں تعلیم،صحت اور انصاف دینے کیلئے کوئی قانون بنائے گی لیکن اب لوگ گندی گالیاں سننے سے بچنے کیلئے اپنے ٹی وی بند کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔یہ حکومت نہیں ایک انتظامی ارینجمنٹ کیا گیا ہے،لیکن ارینجمنٹ کا کوئی وژن ہے نہ ان میں قومی مسائل حل کرنے کی اہلیت ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -