امریکہ کے تعاون سے پاکستان میں 10 کووڈ 19 مانیٹرنگ اینڈ ریپڈ رسپانس یونٹس کا افتتاح
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور امریکہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 10 کووڈ 19 مانیٹرنگ اینڈ ریپڈ رسپانس یونٹس کا افتتاح کر دیا۔ نئے یونٹس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو ظاہر کرتے ہیں، یہ پاکستان کے تمام 158 اضلاع میں کام کریں گے۔پاکستان کے ہیلتھ آفیشلز، این جی اوز نے امریکہ کے تعاون اور یو ایس ایڈ کے فنڈ سے 126 لوکل گورنمنٹ ہیلتھ ورکرز کوضلع باغ، بھمبر، ہٹیاں بالا حویلی، جہلم ویلی، کوٹلی، پونچھ میں کووڈ 19 کیسز کی تحقیق، ڈیٹا کولیکشن اور اس کے تجزیے اور ذاتی حفاظت کی تربیت دی ہے۔ ان تنظیموں نے ایک ہزار فزیشنز کو کووڈ 19 کیس رپورٹنگ سمارٹ فون ایپ کو استعمال کرنے کی ٹریننگ بھی کرائی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ مشن کی ڈائریکٹر جولی کونین نے کہا کہ کووڈ 19 مانیٹرنگ اینڈ ریپڈ رسپانس یونٹس اس بات کے عزم کا اظہار ہیں کہ پاکستا ن اور امریکہ دونوں کیلئے ہی کورونا کے مریضوں کی تلاش اور ان کا علاج پہلی ترجیح ہے، اگرچہ کورونا بحران غیر متوقع ہے لیکن ہماری پاکستان کیساتھ پارٹنر شپ کی بنیادیں مضبوط ہیں جو کہ مشترکہ ترقی کے ویژن پر استوار ہیں۔اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر سردار نجیب نقی خان، سیکرٹری صحت میجر جنرل طاہر سردار، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سردار آفتاب اور دیگر سرکاری حکام موجود تھے۔
یونٹس افتتاح