لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج سید زاہد حسین بخاری انتقال کر گئے

لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج سید زاہد حسین بخاری انتقال کر گئے

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)سینئرقانون دان سابق پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سید زاہد حسین بخاری انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ آج اتوار کے روز 5 بجے سہ پہر بعد از نماز عصر بمقام گلزار فاطمہ پارک نزد گورنمنٹ گرلز سکول نمبر 2 محلہ جہانگیر آباد شیخوپورہ میں ادا کی جائے گی۔ان کی صاحبزادی مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے عظمیٰ بخاری اور دیگر لواحقین سے میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور وکلاء نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی اور مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ زاہد حسین بخاری بے نظیر بھٹو کی وزارت عظمیٰ کے دوسرے دور میں لاہور ہائی کورٹ کے جج رہے،انہوں نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ مرحوم کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ سمیت وکلاء نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہے کہ مرحوم ایک اعلیٰ درجہ کے جمہوریت پسند پروفیشنل وکیل تھے، ان کی جمہوریت اور عدل و انصاف کیلئے جدوجہد اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

زاہد حسین بخاری

مزید :

صفحہ آخر -