پارٹی رکنیت سے ہاتھ دھونے والی عظمی کاردار نے کمیٹی کو جواب جمع کرادیا

  پارٹی رکنیت سے ہاتھ دھونے والی عظمی کاردار نے کمیٹی کو جواب جمع کرادیا

  

لاہور(این این آئی)تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے ہاتھ دھونے والی رکن پنجاب اسمبلی عظمی کاردار نے کمیٹی کو اپنا جواب کمیٹی کو جمع کرادیا جس میں انہوں نے آڈیوکال لیک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی اجازت مانگ لی۔بتایا گیا ہے کہ عظمی کاردار نے اسمبلی رکنیت بچانے کے لیے پارٹی کو تحریری اپیل جمع کرانے کی تیاری بھی شروع کردی۔پاکستان تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے پانچ جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کر کے عظمی کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کردی تھی اور ساتھ میں انہیں 7 روز کی مہلت بھی دی تھی۔اب عظمی کاردار نے 7 روز گزرنے کے بعد پارٹی قیادت کو اپنا جواب وکیل کے ذریعے جمع کرادیا جس میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ میرے خلاف سازش کرنے والوں نے آڈیو کو توڑ موڑ کر پیش کیا، آڈیوکال نجی گفتگو تھی جس میں دوسرے فریق کی آواز کو ہٹا کر پیش کیا گیا۔عظمی کاردار نے جواب میں لکھا کہ نجی گفتگوکو میرے خلاف عوامی سطح پر استعمال نہیں کیاجاسکتا، سب جانتے ہیں کہ 8سال سے پارٹی کی وکالت کررہی ہوں اور اس دوران کبھی کوئی غلط لفظ اپنے منہ سے نہیں نکالا۔انہوں نے لکھا کہ میری نجی گفتگوکوغیرقانونی طریقے سے ریکارڈ کرنا شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے، اگر پارٹی اجازت دے تو آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کراؤں۔عظمی کاردار نے مزید لکھا کہ میرے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے قانونی پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا کیونکہ میرے حوالے سے کسی نے کوئی درخواست بھی دائر نہیں کی۔

عظمی کاردار

مزید :

صفحہ آخر -