پی ایس ایل 5، ٹکٹوں کی ری فنڈنگ تفصیلات جاری

پی ایس ایل 5، ٹکٹوں کی ری فنڈنگ تفصیلات جاری

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020کے 10میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلے گئے اور یا پھر کوویڈ 19کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کاعمل پیر سے شروع ہوگا۔ پہلا مرحلہ 13جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا، جس میں کوویڈ 19کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5گروپ میچز اور 29فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6سے 29اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔6ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10سے سہ پہر 4بجے تک جاری رہے گا۔ ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔

صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔ اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے کا ماسک پہننا اورسماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کایہ عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ کوویڈ 19کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین سے حکومتی ہدایات برائے کوویڈ 19پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔شعیب نوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ایک کامیاب ایونٹ رہا، جہاں مجموعی طورپر 5لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ پراجیکٹ ایگزیکٹو پی ایس ایل کاکہنا ہے کہ پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقیہ میچز کو2020میں ہی ری شیڈول کرلیاجائے گا۔ان میچوں کو ری شیڈول کرنے سے متعلق تمام تفصیلات اپنے مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -