کورنگی: پولیس اہلکار دہشت گرد حملے میں شدید زخمی

  کورنگی: پولیس اہلکار دہشت گرد حملے میں شدید زخمی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی میں گھر سے ڈیوٹی پر تھانے جاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار دہشت گردوں کے مسلح حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق لانڈھی کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اصغر احمد ہفتہ کی صبح گھر سے ڈیوٹی پر پہنچنے کے لیے موٹر سائیکل سے زمان ٹاون تھانے جا رہا تھا کہ کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔زخمی کانسٹیبل اصغر کو چھیپا ویلفیئر کے رضا کاروں نے فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا۔ڈاکٹرز کے مطابق کانسٹیبل اصغر کو 2 گولیاں پیٹ میں لگی تھیں اور زخمی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ نے بتایا ہے کہ زخمی کی نگہداشت کے لیے ان کی نگرانی میں پولیس افسران کی ٹیم جناح اسپتال میں موجود ہے۔انہوں نے جائے وقوع کا دورہ کیا ہے اور پولیس کو موقع سے پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق حملے کے وقت پولیس کانسٹیبل مکمل یونیفارم میں نہیں تھے، انہوں نے پولیس کی پتلون، جوتے اور سادہ شرٹ پہنی ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اصغر پر حملہ گزشتہ ہفتے محمود آباد میں پولیس کانسٹیبل نعمان علی کی شہادت کے واقعے سے مماثلت رکھتا ہے، جسے تھانے اور گھر کے راستے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔محمود آباد میں قتل کیے گئے پولیس اہلکار کا اسلحہ ملزمان ساتھ لے گئے تھے اور آج کورنگی میں حملے کے بعد اصغر کا پستول بھی ملزمان لے گئے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -