الیکشن نتائج کی تبدیلی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، رانا مشہود

الیکشن نتائج کی تبدیلی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، رانا مشہود

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء رانا مشہود نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کراچی کے مسائل کو سمجھتی ہے اور وہ ہی اسے حل کرے گی اس کے لئے ہمیں سب سے پہلے اپنے اندر اتفاق پیدا کرنا ہوگا اور اپنے ذاتی اختلافات بھلا کر قائد کے پیغام کو آگے بڑھانا ہوگا۔ الیکشن نتائج کی تبدیلی کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر عصمت انور محسود کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویژن کو مضبوط بناکر ہی ہم کراچی کو مسلم لیگ (ن) کا گڑھ بناسکتے ہیں۔کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا کہ نااہل اور نکموں کو قوم پر مسلط کردیا گیا ہے، کینٹینر پر عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والے آج غائب ہیں۔ جب ہم نے سفر کا آغاز کیا تو ہم تھوڑے تھے مگر آج ہماری آواز پر سینکڑوں کارکن متحرک ہوجاتے ہیں۔ کراچی میں کوئی بھی جماعت ہمارے بغیر فیصلہ نہیں کرتی ہمیں اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے رانا مشہود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً کراچی آکر ہمارے حوصلے بڑھاتے رہتے ہیں۔ میزبان عصمت انور محسود نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی انتقامی سیاست ریاست اور معیشت کیلئے زہر قاتل ہے، احتساب کے نام پر تماشا کیا جارہا ہے۔ 

مزید :

صفحہ آخر -